شہزادہ ہیری اور اُن کی اہلیہ میگھن مارکل کے انٹرویو پر ملکہ برطانیہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہیری، میگھن، آرچی کو ہمیشہ چاہا جائے گا۔
انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ جوڑے کو چند سال سے درپیش چیلنجوں پر دکھ ہوا، جو مسائل اٹھائے گئے وہ تشویشناک ہیں۔
ملکہ برطانیہ نے کہا کہ جو مسائل اٹھائے گئے خصوصا نسل سے متعلق وہ تشویشناک ہیں، ہیری، میگھن اور آرچی کو بطور فیملی ممبرز ہمیشہ چاہا جائے گا۔
بکنگھم پیلس کی جانب سے الزامات کے درعمل میں جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جوڑے کی طرف سے اٹھایا جانے والا نسلی امتیاز کا معاملہ قابل تشویش ہے۔ اس معاملے کو خاندان میں نجی طور پر حل کریں گے۔
خیال رہے کہ برطانوی شہزادہ ہیری اور اُن کی اہلیہ میگھن مارکل کے اوپرا ونفرے کو دیے گئے تہلکہ خیز انٹرویو میں شاہی خاندان کے کئی راز افشا کیے گئے اور شاہی خاندان کے ساتھ گزرنے والی اپنی زندگی کے حالات و واقعات کے بارے میں بتایا گیا۔