• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا تیز، عوام بے پروا، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں وائرس کی شدت بڑھنے لگی، کئی شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن مزید سخت، ویکسین پر سیاست


کراچی، لاہور،اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر، نمائندگان جنگ،جنگ نیوز، خبر ایجنسیاں) کورونا تیز، عوام بے پرواہ،پنجاب اور خیبرپختونخوا میں وائرس کی شدت بڑھنے لگی، کئی شہروں میں اسمارٹ لاک ڈائون مزید سخت،6 فٹ فاصلے اور عوامی مقامات پرہجوم، ماسک پہننے کی پابندی ہوا میں اڑادی گئی، لاہور میں ایک دن میں کیسز ایک ہزار رپورٹ، پشاور میں دو دن کے دوران 100فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

ملک بھر میں اسفندیارولی سمیت2664افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی، مثبت شرح 6.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ مزید32 مریض چل بسے، سندھ میں 232نئے کیسزسامنے آئے اور 5مریض جاںبحق ہوئے۔

اسلام آباد کے 3سب سیکٹرز سیل کردیے گئے،دوسری جانب ویکسین پر سیاست کی جانے لگی، این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کاکہناہےکہ سب سیاسی بیان دے رہے کسی کو ویکسین خریدنے سے نہیں روکا ،صحت کا شعبہ صوبے کے ماتحت،وفاق ویکسین دیکر آئینی ذمہ داری سے بڑھ کر کردار ادا کررہا۔

دوسری جانب پی پی رہنما سعید غنی نےکہاہےکہ سندھ میں کورونا کیسز کی شرح تشویشناک نہیں تاہم احتیاط لازم ہے۔سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 40564 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2664 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 32ہلاکتیں بھی ہوئیں۔

ملک میں مثبت کیسزکی شرح6.5ریکارڈ،قومی اسمبلی کی قائمہ، پبلک اکاؤنٹس اور خصوصی کمیٹیوں کے ہونے والے اجلاس منسوخ کردیئے گئے۔پنجاب کے7اضلاع میں آج سے اسمارٹ لاک ڈاؤن،تعلیمی ادارے بند،امتحانات آن لائن لینے کافیصلہ،کوٹلی مکمل طورپربندکردیاگیا۔

عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفند یارولی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے اور انہوں نے خود کو قرنظینہ کرلیا،سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 13508 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 6 لاکھ 5200 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 21121ہوگئی۔

اس کے علاوہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1275 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 570571 ہوگئی ہے۔

سندھ میں کورونا وائرس کے 232نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 39 افراد صحتیاب بھی ہوئے اور 5 مریض انتقال کرگئے،ایک ہفتے کے دوران سندھ پولیس کے درجنوں اہلکار و افسران کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

سندھ پولیس کے ترجمان کے مطابق 7 روزکے دوران 94 پولیس افسران اوراہل کاروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق کورونا سے متاثرہ پولیس افسران اوراہل کاروں کی تعداد 6250 ہوگئی ہے جب کہ اب تک کورونا کے باعث 24 پولیس افسران اوراہل کارانتقال کرچکے ہیں۔ 

کورونا کیسزمیں بتدریج اضافے کے بعد آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی میں مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا اور اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے،نوٹیفکیشن کے مطابق تمام تعلیمی ادارے 15 مارچ سے 28مارچ تک مکمل بند رہیں گے۔

دوسری جانب کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پورے ملک میںکہیں بھی شہری ضابطہ کار (ایس او پیز) پر عمل کرتےدکھائی نہیں دے رہے ،ایک جانب کورونا کی تیسری لہر شہریوں کوتیزی سے لپیٹ میں لے رہی ہے تو دوسری جانب شہری ہیں کہ کورونا کو کسی خاطر میں ہی نہیں لارہے۔

اتوار کی چھٹی کے روز بھی مارکیٹوں، بازاروں اور دیگر مقامات پر شہریوں کا رش دیکھاگیا اور کہیں بھی کورونا ایس اوپیز پر عمل ہوتا نظر نہیں آرہا۔اسلام آباد میں کورونا کے تیز وار شہر میں مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد تک بڑھ گئی ،3سیکٹرز ہارٹ اسپاٹ کی فہرست میں بھی آگئے، چوبیس گھنٹوں میں اسلام آباد سے 345 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ڈی ایچ او کے مطابق سیکٹر ایف الیون ون، آئی ایٹ فور اور آئی ٹین ٹو سب سے زیادہ متاثر علاقے ہیں جہاں 280فیصد کسیز کی تشخیص ہوئی ، متعلقہ علاقوں میں متاثرین کے گھر والوں کو قرنطینہ کردیا گیا،تینوں سیکٹرز میں کنٹیکٹ ٹریسنگ اور سرویلنس کا عمل بھی جاری ہے۔

پنجاب میں ایک دن میں ایک ہزار 600 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جو گزشتہ برس جون کے بعد پہلی مرتبہ بڑی تعداد ہے۔سرکاری پورٹل کے اعداد وشمار کے مطابق پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ایک ہزار 653 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور مسلسل پانچویں روز کیسز کی تعداد ایک ہزار سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے۔

تازہ ترین