• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر رات صرف 15 منٹ اضافی نیند کا حیران کن فائدہ

—فوٹو بشکریہ برطانوی میڈیا
—فوٹو بشکریہ برطانوی میڈیا

ہر رات صرف 15 منٹ اضافی نیند لینا طرزِ زندگی میں بظاہر ایک معمولی سی تبدیلی ہے لیکن یہ حیران کن طور پر آپ کے قبل از وقت موت کے خطرے کو نمایاں طور پر کم کر سکتی ہے۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جسمانی ورزش پر تحقیق کرنے والے پروفیسر ایمانوئل اسٹاماتکِس کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص بیک وقت اپنی زندگی کے تین پہلوؤں میں معمولی تبدیلی کرے تو اس کی اوسط عمر میں واضح اضافہ ہو سکتا ہے۔

یونیورسٹی آف سڈنی سے وابستہ ان کی ٹیم نے 60 ہزار افراد کے 8 سالہ ڈیٹا کا تجزیہ کیا، جس میں نیند کا دورانیہ، ورزش میں صرف کیے گئے منٹ اور غذائی معیار کے اسکور ڈی کیو ایس (Diet Quality Score) کو نوٹ کیا گیا۔

ڈی کیو ایس کا اسکور 100 میں سے دیا جاتا ہے، جس کی بنیاد سبزیوں، پھلوں، مچھلی، دودھ، اناج، سبزیوں کے تیل، ریفائنڈ اناج، پراسیسڈ اور غیر پراسیسڈ گوشت کے استعمال پر رکھی جاتی ہے۔

ایک سابقہ تحقیق میں انکشاف ہوا تھا کہ ہر 7 میں سے ایک برطانوی شہری روزانہ 5 گھنٹے سے بھی کم نیند لیتا ہے، جو کہ این ایچ ایس کی تجویز کردہ 7 سے 9 گھنٹے کی نیند سے بہت کم ہے۔

پروفیسر اسٹاماتکِس کی ٹیم نے پایا کہ اگر کوئی شخص صرف 5.5 گھنٹے سوتا ہے، روزانہ 7.3 منٹ ورزش کرتا ہے اور اس کا ڈی کیو ایس اسکور 36.9 ہے، تو معمولی تبدیلیاں بھی اس کی موت کے خطرے کو نمایاں طور پر کم کر سکتی ہیں۔

مثلاً 15 منٹ زیادہ سونا، روزانہ 1.6 منٹ اضافی ورزش کرنا اور روزانہ آدھی سرونگ سبزیاں زیادہ کھانے یا ہفتے میں ایک بار پراسیسڈ گوشت کم کھانے سے موت کے خطرے میں 10 فیصد کمی ہو سکتی ہے۔

اگر کوئی شخص مزید آگے بڑھے، یعنی 75 منٹ اضافی نیند لے، روزانہ 12.5 منٹ معتدل تا شدید ورزش کرے اور اپنا ڈی ایس کیو اسکور 25 پوائنٹس بڑھا کر 61.9 تک لے آئے، تو اس کی موت کے خطرے میں 50 فیصد کمی آ سکتی ہے۔

معتدل تا شدید ورزش میں تیراکی، دوڑنا، تیز قدموں سے چہل قدمی، واٹر ایروبکس، ڈبل ٹینس، رقص اور سائیکل چلانا شامل ہے۔

سبزیوں کی آدھی سرونگ کی مثال ایک بروکلی کا ٹکڑا، ایک چمچ پکا ہوا پالک، ڈھائی سینٹی میٹر کھیرا، یا آدھا درمیانے سائز کا ٹماٹر ہے۔

اسی طرح مطالعات سے یہ بات بھی ثابت ہوئی ہے کہ طویل عرصے تک نیند کی کمی سے موٹاپے، ٹائپ 2 ذیابطیس، دل کے امراض اور فالج (اسٹروک) کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

آسٹریلوی محققین کے مطابق بہترین یا مثالی امتزاج یہ ہے کہ 7.2 سے 8 گھنٹے تک نیند لی جائے، روزانہ 42 سے 103 منٹ تک معتدل تا شدید ورزش کی جائے اور غذائی معیار کا اسکور ڈی کیو ایس بلند ہو۔

صحت سے مزید