بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار بھی عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
اکشے کمار نے کچھ دیر پہلے ہی اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنے تمام چاہنے والوں کے لیے ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
بالی ووڈ اداکار نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ’میں آپ سب کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ آج صبح میرے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ آئی ہے جس کے نتائج مثبت آئے ہیں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے فوری بعد ہی میں نے تمام احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کرلیا ہے جہاں مجھے تمام طبی امداد بھی مل رہی ہے۔‘
اکشے کمارے نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’جو لوگ حالیہ دنوں میں مجھ سے رابطے میں تھے وہ لازمی اپنا کورونا ٹیسٹ کروائیں اور اپنا خیال رکھیں۔‘
بالی ووڈ اداکار نے مزید کہا کہ’میں جلد ہی ایکشن میں واپس آؤں گا۔‘
اکشے کمار کے اس پیغام کے بعد دُنیا بھر میں موجود اُن کے چاہنے والوں کی جانب سے اداکار کی جلد صحتیابی کے لیے دُعاؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بالی ووڈ کے کئی فنکار کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں عالیہ بھٹ، عامر خان، رنیبر کپور، فاطمہ ثنا شیخ، سنی دیول، امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، کارتک آریان، بپی لہری اور رنگاناتھ مدھاون سمیت دیگر شامل ہیں۔