• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا متاثرہ اضلاع میں آٹھویں کلاس تک اسکولز 28 اپریل تک بند



وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کورونا متاثرہ اضلاع میں پہلی سے آٹھویں کلاس تک اسکولز 28 اپریل تک بند رہیں  گے ۔

این سی او سی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں شفقت محمود نے کہا کہ پنجاب کے 13 متاثرہ اضلاع میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسز آن لائن ہوں گی، 19 اپریل سے نویں سے بارہویں جماعت کے بچے سخت ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے اسکول و کالجز آئیں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ 28 اپریل کو جائزہ لیا جائے گا کہ اسکول عید تک بند کرنے ہیں یا نہیں۔

میڈیا بریفنگ میں شفقت محمود نے کہا کہ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ نویں سے بارہویں جماعت تک امتحانات ضرور ہوں گے، کیمبرج کے تمام امتحانات بھی وقت پر ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نویں سے بارہویں جماعت تک کے امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے میں ہوں گے، جامعات سے درخواست کی ہے کہ داخلے کا شیڈول آگے کردیں، امتحانات تاخیر سے ہوں گے تو رزلٹ تاخیر سے آئے گا اس لیے جامعات داخلے آگے کردیں۔

انہوں نے کہا کہ جامعات سے انٹری ٹیسٹ کی تاریخیں بڑھانے کا کہا ہے،  اے اور او لیول کے امتحانات مکمل ایس او پیز کے ساتھ ہوں گے، اے اور او لیول کے تقریباً 4ہزار بچے امتحانات دیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت، سری لنکا، نیپال میں بھی اے ،او لیول کے امتحانات ہو رہے ہیں، دنیا کے 80 فیصد ممالک میں امتحانات ہورہے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت کے بعد ملک کے تعلیمی اداروں کو کھولنے یا بند کرنے کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا۔

اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس میں وفاقی اورصوبائی وزرائے تعلیم و صحت شریک ہوئے، تعلیمی اداروں میں سالانہ امتحانات کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔


یاد رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے 9 اضلاع میں 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند تھے۔

دوسری جانب سندھ میں آج سے پندرہ روز کے لیے آٹھویں جماعت تک اسکول بند کر دیئے گئے ہیں۔

تازہ ترین