• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلستان جوہر، دکان میں گیس سلنڈر دھماکا، ماں 2 بچوں سمیت جاں بحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلستان جوہر میں یونیورسٹی روڈ موسمیات کے قریب واقع پیزا شاپ میں گیس سلنڈر پھٹنے سے زور دار دھماکے کے نتیجے میں ماں اپنے 2 بچوں سمیت جاں بحق جبکہ 5افراد زخمی ہو گئے، دھماکے کے نتیجے میں کئی دکانیں تباہ ہوگئیں، جبکہ اطراف میں کھڑی کئی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر تھانےکی حدودونیورسٹی روڈ موسمیات کے قریب کرائون گارڈن اپارٹمنٹ میں واقع پیزا شاپ میں گیس سلنڈر زور دار دھما کے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں32سالہ خاتون فبیہا علی، 4سالہ بچی فاطمہ علی،2سالہ عبداللہ علی جاں بحق ہوگئے جبکہ کے الیکڑک کے 2ملازمین 35سالہ برہان، 25سالہ جاوید،25سالہ علی اکبر، 25سالہ ریحان اور 30سالہ فہد زخمی ہو گئے۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ آس پاس کی کئی دکانیں اور گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں، اطلاع ملنے پر پولیس، رینجرز کی بھاری نفری اور ریسکیو ادارے کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور لاشیں اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس نے بم ڈسپوزل یونٹ کو بھی طلب کر لیا، دھماکا کے باعث دکان کے سامنے کھڑی کے الیکڑک کی گاڑی بھی تباہ ہوگئی۔ بم ڈسپوزبل یونٹ نے دھماکے کی رپورٹ تیار کرلی، جسکے مطابق دھماکے کے مقام سے بارودی مواد کے شواہد نہیں ملے، دھماکا پیزا شاپ میں موجود گیس سلینڈر گیس لیکج کی وجہ سے ہوا، واقعہ میں تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے بی ڈی یو نے اپنی رپورٹ پولیس کے حوالے کردی، پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔ایس پی گلشن اقبال معروف عثمان کے مطابق سیلنڈر دھماکے میں جاں بحق خاتون اپنے بچوں کے ہمراہ بھائی کے گھر آرہی تھی، ابھی وہ سیڑھیوں ہی پر تھی کہ دھماکا ہوگیا،جسکے نتیجے میں خاتون بچوں سمیت جان سے گئیں، متوفیہ ماں اوربچے گلستان جوہر بلاک 4کے رہائشی تھے، تینوں کی لاشیں گھر پہنچے پر کہرام مچ گیا۔ موقع پر علاقہ مکینوں کاکہناہےکہ دھماکا اتنا شدید تھا کہ ایسا لگا کے زلزلہ آگیا۔ایس پی کے مطابق کے الیکڑک کی گاڑی کے ڈرائیور کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

تازہ ترین