• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قانون ہاتھ میں لینے سے پاکستان کا داخلی اور خارجی سطح پر نقصان ہوگا، شاہ محمود


وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برلن میں پاکستانی سفارتخانے کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ کی گرفتاری کے نتیجے میں شروع ہونے والی احتجاجی کارروائیوں کے بارے کہا کہ قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے سے ملک کی بدنامی ہوگی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’اظہارِ رائے دیگر فورم موجود ہیں لیکن اگر اس طرح قانون کو ہاتھ میں لیا گیا تو پاکستان کو اندرونی سطح پر نقصان ہوگا اور بین الاقوامی سطح پر امیج متاثر ہوگا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے مخالفین منفی خبروں کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مذہبی جماعت کے سربراہ کی گرفتاری کے بعد سے ان کے کارکنوں نے ملک بھر میں احتجاج، دھرنے اور ہنگامہ آرائی شروع کردی، جس سے کئی شہروں میں ٹریفک جام، آمد و رفت مفلوج اور ایمبولنسز بلاک ہوگئیں، شہری پریشانی میں مبتلا ہوگئے، کئی شہروں میں کارکنوں کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوگئیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جیو نیوز کے سوال کے جواب میں امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ساتھ شہریوں پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی اور بہت جلد اس کا مناسب راستہ نکل آئے گا۔

خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی جرمنی اپنے دو روزہ دورہ برلن کے دوران جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس اور جرمن پارلیمان کے صدر وولفگانگ شوئبلے سے دوطرفہ ملاقات کی تھی۔

ان ملاقاتوں میں پاکستان نے جرمنی کے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر خصوصی کوشش کی تاہم جرمن حکام نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کے ساتھ ساتھ افغانستان اور خطے میں امن و استحکام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

واضح رہے رواں برس اکتوبر میں جرمنی اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے 70 برس مکمل ہو رہے ہیں۔

برلن میں سفارت خانے پہنچنے پر جرمنی میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل اور سفارتخانے کے عملے نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔

وزیر خارجہ نے قونصلر سیکشن سمیت سفارتخانے کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور پاکستانی کمیونٹی کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ جرمن میں مقیم ایک لاکھ سے زائد پاکستانی، مختلف شعبہ جات میں گرانقدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل ہماری حکومت کی اولین ترجیحات کا حصہ ہے۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ میونخ میں جلد نیا قونصل خانہ کھولنے جا رہے ہیں تاکہ جرمنی کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی روابط کو مزید بڑھایا جا سکے۔

تازہ ترین