• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں بہت احتیاط کے بعد بھی کورونا کا شکار ہوگئی: مرینہ خان

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ مرینہ خان بھی عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر کا شکار ہوگئیں جس کی اطلاع اُنہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں دی۔

مرینہ خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے مداحوں اور دوستوں کے لیے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا۔


اداکارہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ ’وہ 14 دن تک اپنے کمرے میں اکیلی ہی رہیں گی کیونکہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے خود کو بہت بچایا لیکن بدقسمتی سے میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔‘

مرینہ خان نے کورونا علامات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ’مجھے کبھی بخار چڑھتا اور کبھی اُترتا جبکہ سر کا درد اب پہلے سے کم ہوگیا ہے۔‘

سینئر اداکارہ نے کہا کہ ’میں پہلے کورونا وائرس کو اتنا سنجیدہ نہیں لیتی تھی لیکن میں جب سے وائرس کی شکار ہوئی ہوں تب سے خوفزدہ ہوگئی ہوں۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’لوگوں کی باتوں میں نہ آئیں اور کورونا وائرس کو سنجیدہ لیتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔‘

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان شوبز انڈسٹری کے کئی فنکار کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس کا شکار ہونے والے فنکاروں میں آمنہ الیاس، بہروز سبزواری، اداکارہ روبینہ اشرف، گلوکار جواد احمد، عثمان مختار، ندا یاسر، ماڈل علیزے گبول، صحیفہ جبار، امیر گیلانی، سنبل شاہد، مریم نفیس اور واسع چوہدری سمیت دیگر بھی شامل ہیں۔

تازہ ترین