• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں کورونا وائرس سے 202 ڈاکٹرز اور 30 پیرامیڈیکس جاں بحق، پی ایم اے کا اظہار تشویش

پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے 202 ڈاکٹرز اور 30 پیرامیڈکس جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سب سے زیادہ 74 پنجاب، 65 سندھ، 53 کے پی کے، 6 بلوچستان، آزاد کشمیر 3 اور ایک گلگت بلتستان میں موت کا شکار ہوئے۔ 

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے کورونا وائرس کے باعث بڑی تعداد میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کی اموات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پی ایم اے کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق عالمی وبا سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے ڈاکٹروں میں 24 میڈیکل آفیسر، 19 جنرل فزیشن، 13 ماہر امراض اطفال، 11 بے ہوشی کے ماہر، 10 انتظامی عہدے دار، 9 پروفیسر آف میڈیسن، 9 ماہر امراض کان، ناک و گلا، 7 ماہر امراض نسواں، 6 پیتھالوجسٹ، 3 پوسٹ گریجویٹ ٹرینی، 3 ریڈیالوجسٹ، 2 سرجن اور 2 ماہر امراضِ قلب شامل ہیں۔ 


ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد نے کہا کہ پی ایم اے اس مشکل وقت میں قوم کی خدمت کرنے والے تمام ڈاکٹروں کو سلام پیش کرتی ہے وہ پاکستان بمقابلہ کورونا وائرس ’جنگ‘ میں صفِ اول کے سپاہی ہیں جو موجودہ حالات میں اپنی زندگیوں کو داؤ پر لگا کر اپنے مریضوں کا معائنہ کرتے ہیں یہاں تک کہ ان کے اہل خانہ بھی خطرے سے دوچار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس کی حفاظت کو یقینی بنائے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل قیصر سجاد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر شہید ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کے خاندانوں کے لیے اعلان کردہ شہید پیکیج پر عملدرآمد کروائے تاکہ غمزدہ خاندانوں کی مالی مشکلات دور کی جاسکیں جو اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ 

انھوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی بہبود سے متعلق معلومات اکٹھی کر کے ان کے خاندانوں کو روزگار فراہم کرے۔

تازہ ترین