• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کروکس سیٹیوس (Crocus sativus)نامی پھول سے حاصل کیا جانےوالا مسالا زعفران کہلاتا ہے، جو للی کا کزن ہے۔ زعفران اس پھول کے اسٹگمااور اسٹائلزسے دھاگوں کی شکل میں حاصل کیا جاتاہے۔ زعفران کی کٹائی دشوار ہوتی ہے، کاشتکار اپنے ہاتھوں سے اس کے دھاگے بہت آرام سے پھولوں سے چنتے ہیں۔ پھر ذائقہ نکالنے کے لئے ان دھاگوں کو گرم کرتے ہیں اور بڑی احتیاط سے انہیں محفوظ کرتے ہیں۔ یہ اضافی مشقت زعفران کو دنیا کا مہنگا ترین مسالا بناتی ہے۔

اسے مختلف پکوان بالخصوص میٹھے میں ڈالا جاتا ہے۔ زعفران ایک گہری خوشبو اور مخصوص رنگ والا مسالا ہے جو اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور اورصحت کے لیے بہت فائدہ مندہے۔ ابتدائی شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ زعفران مزاج کو بہتر کرتا اور ذہنی تنائو سے لڑنے میں مدد کرتاہے۔ زعفران کے دیگر فوائد ذیل میں د رج ہیں۔

اینٹی آکسیڈنٹس کی فراہمی

2015ء کے ایک جائزے کے مطابق زعفران میں کروسن(crocin)، پکروکروسن (picrocrocin)، سیفرنال (safranal) جیسےفعال اینٹی آکسیڈنٹس سمیت کیمپفیرول (kaempferol ) اور کروسیٹین (crocetin) نامی مرکبات ہوتے ہیں جو انسان کے جسم میں تکسیدی تنائو اور فری ریڈیکل کے خلاف لڑنے میں مدد کرتے ہیں۔ چونکہ تکسیدی تناؤ اور آزاد ریڈیکلز کینسر اور دل کی بیماریوں سمیت دیگر امراض کی نشوونما میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں، اسی لئے اس طرح کے اینٹی آکسیڈنٹس آپ کو صحت مند رکھنے میں مدد کرسکتے ہیں۔

اعصابی نظام کی خرابی کی روک تھام 

زعفران میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جسم کو اعصابی نظام کو متاثر کرنے والے عوارض سے بچانے میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔2015ء کی ایک ثابت شدہ تحقیق سےپتہ چلتاہے کہ زعفران میں کروسن جیسے مرکبات دماغ میں سوزش (inflammation) اور تکسیدی نقصان کو کم کرتے ہوئے فائدہ مند اثرات کا باعث بن سکتے ہیں۔ ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ زعفران یادداشت کو بڑھانے والی خصوصیات اور اپنے اینٹی آکسیڈنٹس اور اینٹی سوزش اثرات کی وجہ سے الزائمر سے نمٹنے میں مدد کرسکتا ہے۔ اس تحقیق میں معتدل الزائمر والے لوگوں نے 22 ہفتوں تک زعفران استعمال کیا تو ان کےادراک میں بہتری آئی تھی ۔

جگر اور کینسر سے بچاؤ میں مددگار

برطانوی محققین کے مطابق زعفران جگر کے لیےبے حد فائدہ مند ہے۔ اس قیمتی جڑی بوٹی میں موجود بائیو مالیکیول اور کروسین جگر کی صحت کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں، ساتھ ہی یہ کینسر کے مرض کو روکنے میں بہت حد تک مدد فراہم کرتے ہیں۔ تحقیق کاروں کے مطابق زعفران کےطبی فوائد کے سبب آئندہ برس کینسر کے لیے بنائی جانے والی ادویات میں اس کو استعمال کیا جائے گا۔

 وزن میں کمی

اس بات کے بھی کچھ شواہد موجود ہیں کہ زعفران سےوزن میں کمی لانےاور بھوک کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔جرنل آف کارڈیوویسکیولر اینڈ تھوراسک ریسرچ میں شائع ایک مصدقہ مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ زعفران کے استعمال سے کمر کے گرد موجود چربی میں کمی آتی ہے۔ جو لوگ اس کا سپلیمنٹ لیتے ہیں ان کو بھو ک کم لگتی ہے اور کم کھانا کھانے کے باعث ان کا وزن بڑھنے کے مواقع کم ہوجاتے ہیں۔

موسمی نزلہ و زکام سے بچاؤ

سردیوںمیں ہونے والے نزلہ و زکام کا حل بھی زعفران دے سکتاہے۔ دودھ میں زعفران ملا کر استعمال کرنے سے نزلہ زکام اور بخار میں راحت مل سکتی ہے۔ طبی ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ بخار کی حالت میں زعفران ملے دودھ کو پیشانی پر ملنے سے بھی بخار کم ہوسکتاہے۔

بے خوابی کا حل

بہتر صحت کے لیے نیند کا پورا ہونا ضروری ہے، نیند پوری نہ ہوتو اس کی وجہ سے دیگر مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں۔ رات کو زعفران ملا دودھ پی کر سونے سے بھرپور نیند آتی ہے۔ زعفران میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس مختلف طبی مسائل کو دور کرنے میں مد د کرتے ہیں۔ زعفران میں موجود مینگنیز جلد نیند لانے میں معاونت کرتا ہے۔

امراض قلب سے حفاظت

زعفران خون کی گردش کو حرکت میں لاتا ہے اور شریانوں کوسخت ہونے سے روکتاہے۔ اس میں موجود مفید اجزاء کولیسٹرول کی سطح میں کمی لاتے ہیں اور دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے میں مدد کرتےہیں۔ اس لیے چٹکی بھر زعفران دودھ میں ملا کر پینے سے آپ اپنے دل کی صحت کو بہتررکھ سکتے ہیں۔

بصارت کیلئے بہترین

طبی ماہرین کے مطابق زعفران کا مسلسل استعمال بڑھاپے میں ہونے والی آنکھوں کی بیماریوں میں کمی لاتاہے اور بینائی جانے کا خطرہ بھی کم ہوتاہے۔ زعفران میں موجود اجزاء بینائی کو تقویت دینے والے خلیوں کو بہتر کرتے ہیں۔

جِلد کیلئے مفید اور اینٹی ایجنگ

اگر آپ جِلد کے مسائل مثلاً کیل مہاسے، جھائیوں، سفید دھبوں یا بے رونق اورخشک جِلد سے پریشان ہیں تو مختلف طریقوں سے زعفران کا استعمال بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔ یہی نہیں، جو خواتین رنگ گورا کرنے کی خواہشمند ہوتی ہیں ان کے لیے زعفران ایک بہترین انتخاب ہے۔ ایک چٹکی زعفران اور سورج مکھی کے بیج دودھ میں بھگو دیں۔ اسے رات بھر بھیگا رہنے دیں اور صبح چھان کر پیس لیں۔ اس مکسچر کو چہرے پر ہفتے میں2بار لگائیں، آپ کی رنگت نکھر جائےگی۔

موڈ میں بہتری

شواہد موجود ہیں کہ زعفران موڈ کو بہتر بنانے اور افسردگی کم کرنے کے لیےمفید ہے۔ جرنل آف بیہیورئیل اینڈ برین سائنس میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں پتا چلا ہے کہ زعفران ایکسٹریکٹ نے دماغ کے دیگر ہارمونز جیسے سیرٹونن(serotonin) کی سطح کو تبدیل کیے بغیر دماغ میں ڈوپامائن (dopamine ) کی سطح میں اضافہ کیا، جو خوشی لانے والا ہارمون ہے۔ ایک تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ ہر دن 30 ملی گرام زعفران کے استعمال سے ایسی دوائیوں کی طرح اثرات پیدا ہوسکتے ہیں جو ہلکے سے معتدل ڈپریشن کا علاج کرتی ہیں، جیسے امیپرمائن(imipramine ) اور فلوکسٹیٹائن (fluoxetine)۔

تازہ ترین