• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کو شٹر گرانے کا شوق نہیں مگر میتیں اٹھانے کا بھی شوق نہیں، مرتضی وہاب

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ہم صوبے میں کوئی کرفیو لگانا یا مکمل بند کرنا نہیں چاہتے ہیں، حکومت کو شٹر گرانے کا شوق نہیں مگر میتیں اٹھانے کا بھی شوق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دفاتر سمیت ہر جگہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کی جارہی ہے آج مجبوراً پارکس بند کرنے کا فیصلہ بھی کیا جارہا ہے،کل پارکوں میں بہت زیادہ رش تھا۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 24اپریل کے مقابلےمیں کورونا کیسز دگنے ہوگئے ہیں، کورونا کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے، اسپتالوں میں 14مئی کو 729 مریض زیر علاج تھے، چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے933 مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دس روز میں کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا، سندھ انسٹی ٹیویٹ آف ڈیزیز میں دو ایچ ڈی یوز خالی ہیں، ایسی صورتحال میں حکومت کے پاس کیا راستہ بچ جاتاہے؟ 

انہوں نے کہا کہ کیا کورونا کیسز اسی طرح بڑھنے دیں یا روکنے کی کوشش کریں  کورونا کی پہلی لہر میں ہم نے سخت فیصلے کیے، کورونا کی پہلی لہر میں سخت فیصلوں کی وجہ سے بڑے نقصان سے بچے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آج ایک بار پھر حکومت کو مشکل اور سخت فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ تمام چیزوں کو بند کردیا جائے، اگر آپ چاہتے ہیں کہ مزید سختی نہ ہو تو حکومت کی جاری کردہ گائیڈ لائنز کو اپنا نا ہوگا، آپ چاہتےہیں کہ مزیدسختی نہ ہوتوماسک کااستعمال کریں،بڑی تعدادمیں لوگوں کوویکسین کرانا ہوگی۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ شاید ہم پڑوسی ملک کے حالات بھول گئے ہیں،آج لوگ شہر میں معمول کے مطابق گھوم رہےہیں، آج لوگ شٹر بند کرکے کاروبار کررہےہیں، حکومت کو کاروبار بند کرنے کا کوئی شوق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں ہورہا، سندھ حکومت نے ریسٹورنٹس کو ڈیلوری اور ٹیک اوے کی اجازت دی،  لوگ آج بھی بند کمروں میں دعوتیں کررہےہیں، سندھ حکومت نےشادی ہال بند کردیے ، لوگوں نے اپنے گھر حاضر کردیے ، ہمارا اختلاف کاروباری سرگرمی سے نہیں ، ہجوم سے ہے۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ آپ حکومت کا ساتھ دیں ، ورنہ حکومت کو مزید سخت فیصلے کرنے ہوں گے۔

تازہ ترین