• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم دو حصوں میں تقسیم ہوگئی ہے، فرخ حبیب


کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم دو حصوں میں تقسیم ہوگئی ہے، ایک پارلیمنٹری ہے دوسری پی ڈی ایم مریم نواز لیڈ کررہی ہیں۔

صحافیوں کے تحفظ کیلئے جرنلسٹس پروٹیکشن بل لانا حکومت کا بڑا کارنامہ ہے، وولکان بوزکر کا مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کو ایک جیسا قرار دینے سے لگتا ہے کشمیر کا معاملہ بھی اقوام متحدہ میں اٹھنے والا ہے۔ وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ 

پروگرام میں ن لیگ کے رہنما خرم دستگیر خان اور پیپلز پارٹی کے رہنما عبدالقادر مندوخیل بھی شریک تھے جبکہ اسلام آباد میں حملوں کا نشانہ بننے والے سینئر صحافیوں مطیع اللہ جان، ابصار عالم اور اسد طور کی گفتگو بھی شامل کی گئی۔

خرم دستگیر خان نے کہا کہ پی ٹی آئی میں سے ”ٹی“ نکل گیا ہے، عمران خان نے علی ظفر کمیٹی بنا کر جہانگیر ترین کو این آر او دیا، جہانگیر ترین میں صلاحیت ہے وہ وفاق اور پنجاب کی حکومتیں گراسکتے ہیں،حکومت ٹریبونل بنا کر میڈیا کی گردن مزید مروڑنا چاہتی ہے، جمہوریت کی بات کرنے والے صحافیوں کے ٹی وی چینلز پر آنے پر پابندی لگادی گئی ہے۔

عبدالقادر مندوخیل نے کہا کہ اپوزیشن کو بجٹ میں مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہئے، ن لیگ جیسی حرکتیں کررہی ہے ایسا نہیں لگتا کہ ہم بجٹ سیشن میں ان کے ساتھ ہوں گے، شہباز شریف پہلے اپنے ملازم کے ذریعہ بلاول کو نوٹس بھیجتے ہیں پھر دعوت بھیجتے ہیں۔

عبدالقادر مندوخیل نے کہا کہ اپوزیشن کو بجٹ میں مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہئے، ن لیگ جیسی حرکتیں کررہی ہے ایسا نہیں لگتا کہ ہم بجٹ سیشن میں ان کے ساتھ ہوں گے، شہباز شریف پہلے اپنے ملازم کے ذریعہ بلاول کو نوٹس بھیجتے ہیں پھر دعوت بھیجتے ہیں۔

سینئر صحافی مطیع اللہ جان نے بتایا کہ مجھے اغوا کرنے والے گرفتار ہونا تو دور کی بات ہے اسلام آباد پولیس ابھی تک اس زرک خان نامی شخص کو ڈھونڈ رہی ہے جس کا نام اغوا کاروں نے مجھے چھوڑتے وقت لیا تھا۔

زرک خان کے حوالے سے نادرا سے ریکارڈ کے گٹھے سپریم کورٹ میں پیش کیے جاتے ہیں اور کہا جاتا ہے کہ پاکستان میں بارہ چودہ ہزار زرک خان ہیں، میرے اغوا کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کی آج تک صرف ایک میٹنگ ہوئی اس کی کارروائی بھی انتہائی مشکوک تھی۔

سابق چیئرمین پیمرا اور سینئر صحافی ابصار عالم نے کہا کہ انصاف کا راستہ روکنے والے طاقتور لوگ یاد رکھیں انصاف ایک دن انہیں بھی پکڑے گا، اس دنیا میں انصاف سے بچ گئے تو اگلے جہان میں نہیں بچیں گے۔

سینئر صحافی اسد طور نے کہا کہ مجھ پر تشدد کرنے والے ملزمان ابھی تک گرفتار نہیں ہوئے، حکومت کی جے آئی ٹی نے ابھی تک مجھ سے رابطہ نہیں کیا، میں نے جو ایف آئی آر کٹوائی پولیس نے اس کے مقابلہ میں بہت ہلکی دفعات لگائیں ، مجھے انصاف ملنے کی امید نہیں ہے۔وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نےکہاکہ ایک پی ڈی ایم پارلیمنٹری بن گئی ہے ۔

تازہ ترین