• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: ناظم آباد میں ڈاکو کو باباجی کی دکان لوٹنا مہنگا پڑگیا


کراچی کے علاقے ناظم آباد گول مارکیٹ میں ایک ڈاکو کو دودھ کی دکان پر تنہا واردات کی کوشش مہنگی پڑ گئی، بزرگ کو دکان پر اکیلا دیکھ کر واردات کی کوشش میں ملزم کو مار کھانے کے ساتھ ساتھ پستول بھی چھوڑ کر بھاگنا پڑا۔ 

اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج دلچسپی سے خالی نہیں۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دودھ کی دکان کے کاؤنٹر پر ایک مشکوک نوجوان آتا ہے جو دکان کے کاؤنٹر پر ایک بزرگ کو اکیلے دیکھ کر واردات کرنے کی منصوبہ بندی کرتا نظر آتا ہے۔

ادھر ادھر، آگے پیچھے دیکھ کر وہ اچانک دکان کا کاؤنٹر پھلانگتا ہے اور دکان میں گھس کر بزرگ دودھ فروش کو گن پوائنٹ پر لینے کی کوشش کرتا ہے۔ چند سیکنڈ بعد منظر یکدم بدلتا دکھائی دیتا ہے۔

بزرگ اس نوجوان کو پیچھے سے دبوچ کر دھکیلتے ہوئے کاؤنٹر کی طرف لاتا ہے اور اسے اٹھا کر کاؤنٹر پر پٹخ دیتا ہے۔ پھرتیلا ملزم ان کے شکنجے سے خود کو چھڑاتا ہے اور برق رفتاری سے نو دو گیارہ ہوتا نظر آتا ہے۔ 

یہی نہیں بزرگ دکاندار ملزم کے پستول سے اس پر فائرنگ بھی کرتا ہے مگر وہ بچ نکلتا ہے۔ بزرگ دکاندار ایک تبلیغی جماعت کے امیر بتائے جاتے ہیں۔

ڈاکو کا حشر نشر کرنے اور پستول چھیننے پر ان کی محلے میں خوب واہ واہ ہو رہی ہے۔

تازہ ترین