وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ٹرسٹ ایکٹ بنیادی طور پر وفاقی قانون ہے، صوبے وفاقی قانون کو اپنا رہے ہیں، وفاقی قانون ہونے باوجود ہم ایکٹ کا جائزہ لیں گے، جائزہ لے کر ہم علما کے تحفظات کے خاتمے کی کوشش کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے علماء کے وفد کی مفتی منیب الرحمٰن کی سربراہی میں ملاقات ہوئی ۔
اس دوران وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ صوبائی وزیر ناصر شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، آئی جی سندھ مشتاق مہر، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ عثمان چاچڑ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو شریک ہوئے۔
علماء کے وفد میں مولانا ریحان امجد، مولانا شبیر نورانی، سید مظفر شاہ، مفتی نذیر جان، مفتی رفیع الرحمان، مفتی عذیر جان، مولانا محمد اشرف اور مولانا یعقوب انصاری نے شرکت کی۔
اجلاس میں ٹرسٹ ایکٹ پر علماء کی جانب سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
اس دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ٹرسٹ ایکٹ بنیادی طور پر وفاقی قانون ہے، وفاقی قانون ہونے باوجود ہم ایکٹ کا جائزہ لیں گے، جائزہ لے کر ہم علما کے تحفظات کے خاتمے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ناصر شاہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے، کمیٹی میں سعید غنی اور مرتضیٰ وہاب ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کمیٹی علماء کے ساتھ بیٹھ کر ان کے خدشات دور کرے گی، ہم علماء سے غور و خوض کے بعد وفاقی حکومت سے بات کریں گے۔