• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر مملکت سے کئی ممالک کے نامزد سفراء کی ملاقات

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خصوصی تقریب کے دوران کئی ممالک کے نامزد سفراء نے اسناد پیش کیں۔

ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں ڈاکٹر عارف علوی کو ازبکستان، کیوبا، ویتنام، بلغاریہ اور ارجنٹینا کے نامزد سفراء کی جانب سے اسناد پیش کی گئیں۔

اس موقع پر نامزد سفراء نے صدر مملکت سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

دوران گفتگو ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ تجارت، معیشت، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں تمام دوست ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سیاسی، معاشی اور ثقافتی سطح پر دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔

صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ اُمید ہے نامزد سفراء پاکستان سے سیاسی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات مزید مستحکم کرنے میں کردار ادا کریں گے۔

اُن کا کہنا تھاکہ پاکستان دنیا کو درپیش مختلف چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے دوست ممالک سے مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے خاطر خواہ مواقع موجود ہیں، ہماری معیشت کورونا کے باوجود بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ دنیا پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے کاروبار دوست ماحول سے فائدہ اٹھائے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان جغرافیائی سیاست کی بجائے جغرافیائی اقتصادیات، علاقائی روابط اور معاشی انضمام پر توجہ مرکوز کررہا ہے۔

اُن کا کہنا تھاکہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کو انسانی حقوق کی پامالیوں سے روکنے کے لئے کردار ادا کرے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ عالمی برادری سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

تازہ ترین