امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ڈہرکی ٹرین حادثے پر وزیراعظم عمران خان سے سوال پوچھ لیا۔
لاہور سے جاری بیان میں سراج الحق نے ڈہرکی میں ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کو دل دہلادینے والا واقعہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس دل دہلا دینے والے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے اس موقع پر استفسار کیا کہ میں مغرب کی مثالیں دینے والے وزیراعظم سے پوچھتا ہوں، اب کون استعفیٰ دے گا؟
اُن کا کہنا تھاکہ سب جانتے ہیں ایک کمیٹی بنے گی جو تحقیقات کے نام پر حقائق چُھپائے گی۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ مافیاز اور طاقتور لوگ اس ملک میں جو چاہیں کریں، اُن سے کوئی پوچھنے والا نہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ظلم اور ناانصافی برداشت کرکے قوم کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔