راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)پانچ روزہ پولیو مہم شروع ہوگئی۔کینٹ میں پولیو مہم میں ڈینگی سینٹری پٹرول کو یو سی ایم او لگادیا گیاہے۔ڈی ڈی او ایچ کینٹ نے پولیو مہم کیلئے کورونا میں مصروف آٹھ یو سی ایم اوز کوواپس لے کر ان کی تقرریاں کی ہیں۔کینٹ کے علاقے برف خانہ تا نیازی چوک کے علاقے سی ٹی آر کینٹ 12میں کوالیفائیڈ ڈسپنسر عرفان خٹک کو ہٹا کر ڈینگی سینٹری پٹرول رضوان حیات کو لگایا گیا ہےجس کے ماتحت تین ایریا انچارج بھی سینٹری پٹرول ہی لگے ہیں۔ان کے ماتحت پندرہ موبائل اور ایک فکس ٹیم کام کررہی ہے۔رضوان کی تعیناتی کیلئے اسے ویکسنیٹر ظاہر کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پولیو مہم کیلئے معاوضہ زیادہ ملتا ہے۔پانچ دن کیلئے ایک یوسی ایم او کو چودہ ہزار،ڈرائیور کو چار ہزار اور ایریا انچارج کو آٹھ ہزار روپے ملتے ہیں۔یو سی ایم او کیلئے بی پی ایس نائن سے اوپرڈاکٹر،جونیئر ٹیکنیشن،ویکسینیٹر اور سی ڈی سی سپروائزر کو لگایا جاسکتا ہے۔سینٹری پٹرول کو مہم میں صرف ٹیموں کے ساتھ کیرئیر کے طور پر لیا جاتا ہے۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر احسان غنی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر رضا سے رابطے کی کوشش کی گئی تھی لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔