کراچی (ٹی وی رپورٹ) پی ٹی آئی کے رہنما عثمان ڈار نے طلال چوہدری کو چیلنج کردیا، وزیراعظم کی طرف کوئی چیز پھینکی بھی تو پارلیمنٹ کے باتھ روم میں بھی جگہ نہیں ملے گی، طلال چوہدری کا جواب میں کہنا تھا عثمان ڈار چیلنج نہ کریں کل عمران خان کو پارلیمنٹ میں بلائیں پھر میں دیکھتا ہوں۔
پی ٹی آئی اور ن لیگی رہنماؤں کے درمیان یہ مکالمہ جیونیوزکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں ہوا جس کی میزبان منیب فاروق کررہے تھے۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما آغا رفیع اللہ بھی شریک تھے جن کا پی ٹی آئی رہنما کے چیلنج پر کہنا تھا کہ عثمان ڈار کچھ بھی کہہ لیں وقت آئے گا تو بتائیں گے۔
پی ٹی آئی کے رہنما عثمان ڈار نےکہا کہ رہنما ن لیگ شیخ روحیل اصغر نے پنجاب کے عوام کی تضحیک کی ہے معافی مانگیں، طلال چوہدری بتائیں کیا واقعی پنجاب کا کلچر گالیاں دینا ہے، گالیاں دینا شیخ روحیل اصغر کے گھر کا کلچر ہوسکتا ہے ہمارے بڑوں نے ہمیں یہ نہیں سکھایا، طلال چوہدری خود ہماری خاتون ایم این ایز کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کرتے رہے ہیں، اسمبلی میں جو کچھ ہوا غلط ہوا ہم سب پر اس کی ذمہ داری آتی ہے، کوئی بھی رکن پارلیمنٹ ہو اسے گالیاں نہیں دینی چاہئیں،اسپیکر نے پی ٹی آئی کے ایم این ایز پر بھی پابندی عائد کی ہے، آغا رفیع کی بھی ڈاکٹر فردوس کے ساتھ ہاتھا پائی ہوتے رہ گئی ہے۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اس سب میں وزیراعظم کو لاکر انتہائی گھٹیا حرکت کررہی ہے، کیا وزیراعظم عمران خان نے علی گوہر اور شیخ روحیل اصغر کو گالیاں دینے کیلئے کہا تھا، ماضی میں بھی اسپیکر وزرائے اعظم سے ملتے رہے ہیں۔
عثمان ڈار نے طلال چوہدری کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ طلال چوہدری کان کھول کر سن لو وزیراعظم کی طرف کوئی چیز مارنا تو دور کی بات ہے اچھالنے کا بھی سوچا توا تمہیں پارلیمنٹ کے باتھ روم میں بھی جگہ نہیں ملے گی، یہ کتنے بڑے شیر ہیں سب جانتے ہیں، طلال چوہدری کی غیرت اس وقت کیوں نہیں جاگی جب ان کے لیڈر نے فلور آف دی ہاؤس پر کہا تھا حضور یہ ہیں وہ ذرائع جس نے ہمیں اپارٹمنٹ دیئے اور سپریم کورٹ میں جاکر کہا کہ وہ سیاسی بیان تھا۔
عثمان ڈار نے کہا کہ طلال چوہدری نواز شریف کو غیرت دلائیں کہ پاکستان واپس آئیں، طلال چوہدری تیاری کرو مجھے تمہارا شوق پتا ہے، ہمیں ہر ایک کے شوق کا پتا ہے۔