پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان نے تربوز کا شربت فروخت کرنے والے ایئروناٹیکل انجینئر عبد الملِک کو غیرت مند قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین کو لاجواب کردیا۔
حال ہی میں فیروز خان تربوز کا شربت فروخت کرنے والے ایئروناٹیکل انجینئر عبد الملِک کو نوکری کی پیشکش کی تھی جس کے بعد اداکار نے اُس نوجوان سے ملاقات کی اور اُس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔
اب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فیروز خان کے پیغام پر سعد نامی صارف کی جانب سے اداکار پر شدید تنقید کی گئی ہے۔
سعد نامی صارف نے کہا کہ ’آپ نے کہا تھا، آپ اس شخص کو ملازمت دینا چاہتے ہیں، آپ نے کس کے لیے ایسا کہا تھا؟ کیا آپ نے اس انجینئر کو ملازمت دی؟ آپ نے بس اس سے ملاقات کی اور نیک خواہشات کا اظہار کردیا۔‘
صارف کی تنقید پر ردّعمل دیتے ہوئے فیروز خان نے کہا کہ ’ایک غیرت مند انسان کو خریدنا ناممکن ہے۔‘
فیروز خان نے کہا کہ ’میں چاہتا ہوں کہ میں کوئی کام سیدھے ہاتھ سے کروں تو میرے اُلٹے ہاتھ کو بھی اُس کا علم نہ ہو۔‘
اداکار نے صارف سے سوال کیا کہ ’اب آپ کو آپ کی دونوں باتوں کا جواب مِلا؟‘
واضح رہے کہ عبدالملِک کی اسکولنگ عرب امارات میں ہوئی جبکہ ایئروناٹیکل انجینئرنگ کی ڈگری انہوں نے چین کی یونیورسٹی سے حاصل کی۔
سوات سے تعلق رکھنے والا یہ نوجوان اچھے مستقبل کا خواب لے کر پاکستان آیا تھا، ایئرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں انٹرن شپ کی۔
پشاور فلائنگ کلب میں ٹرینی انجینئر اور ایک نجی ایئرلائن میں اسسٹنٹ ریمپ آفیسر کی ملازمتوں میں چند سال بھی لگائے مگر نہ اہلیت کے مطابق عہدہ ملا، نہ حق کے مطابق تنخواہ ہی ملی۔