• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی مقبول ترین اداکارہ عائزہ خان کی جانب سے اداکاری کی دُنیا میں ماہرہ خان کے 10 سال مکمل ہونے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اداکارہ کو لیجنڈ قرار دیا گیا ہے۔

عائزہ خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ماہرہ خان کی تصویر شیئر کی ہے جس کے کیپشن میں اُنہوں نے اداکارہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔


اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں ماہرہ خان سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’میں یقین نہیں کرسکتی ہوں کہ آپ کو اداکاری کی دُنیا میں قدم رکھے دس سال ہوچکے ہیں اور آپ ابھی بھی سر فہرست ہیں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’آپ کی کامیابی کی وجہ سے آپ کا فن اور ٹیلنٹ ہے جو آپ اپنے ہر نئے پراجیکٹ میں اپنے چاہنے والوں کو دِکھاتی ہیں۔‘

عائزہ خان نے لکھا کہ ’آپ کی عمدہ فلموں سے لے کر آپ کے بلاک بسٹر ڈراموں تک، آپ نے ہم سب کو فخر محسوس کروایا ہے، آپ نے ناصرف پاکستان میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ہماری نمائندگی کی۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’میرے نزدیک، آپ ناصرف ایک دوست ہیں بلکہ ایک لیجنڈ بھی ہیں۔‘

آخر میں عائزہ خان نے ماہرہ کے نئے آنے والے پراجیکٹس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ ماہرہ خان نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز 2006 میں بطور وی جے کیا اور 2011 میں شعیب منصور کی فلم ’بول‘ سے لالی ووڈ فلم نگری میں قدم رکھا جس میں انہوں نے معاون کردار نبھایا۔

ماہرہ خان نے یوں تو 2011 میں پہلا ڈرامہ ’نیت‘ کیا تھا لیکن شہرت اور مقبولیت ڈرامہ سیریل ’ہمسفر‘ سے حاصل کی جس میں انہوں نے ’خرد‘ کا مرکزی کردار ادا کیا، جسے پاکستان سمیت بھارت میں بھی خوب پسند کیا گیا۔

اداکارہ نے 2015 میں فلم ’بن روئے‘ کی جبکہ 2016 میں فلم ’ہو من جہاں‘میں جلوہ گر ہوئیں۔

اس کے بعد 2017 میں ان کی بالی ووڈ ڈبیو فلم ’رئیس‘ ریلیز ہوئی جس میں انہوں نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے۔

تازہ ترین