• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سستی سبزی بیچنے والے کو گرفتار کرنے والے مجسٹریٹ سے اختیارات واپس

لاہور کے علاقے رائیونڈ  میں سستی سبزی بیچنے والے سبزی فروش کو گرفتار کرنے والے مجسٹریٹ کاشف بشیر سے تمام اختیارات واپس لے لیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک نے ٹوئٹر پر ایک نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے بتایا کہ رائیونڈ میں سبزی فروش کے خلاف غلط استغاثہ بھرنے پر ابتدائی انکوائری کے بعد متعلقہ مجسٹریٹ کاشف بشیر سے تمام اختیارات واپس لے لیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مجسٹریٹ کاشف بشیر کو کسی بھی قسم کی پرائس کنٹرول چیکنگ سے روک دیا گیا ہے۔

مدثر ریاض کے مطابق ضابطہ کی کاروائی کا سلسلہ جاری ہے۔


واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں دکاندار کو سستی سبزی بیچنا مہنگا پڑگیا تھا، سبزی فروش پر مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا گیا، ایف آئی آر کے مطابق دکاندار نے مقرّرہ نرخوں پر سبزی نہ بیچ کر جرم کا ارتکاب کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے ٹوئٹر پر سستی سبزی بیچنے والے کو گرفتار کرنے کی خبر پر ردعمل دیا اور اسے مضحکہ خیز قرار دیا۔

تازہ ترین