• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن



لاہور کے علاقے گارڈن ٹاؤن کی برکت مارکیٹ میں واقع دکان میں رکھے گیس کے سلنڈر پھٹ گئے، ایک کے بعد ایک سلنڈر پھٹنے سے ہونے والے دھماکوں سے علاقہ گونج اٹھا، آگ لگنے سے ایک شخص جھلس کر زخمی ہو گیا۔

ریسکیو اداروں کے مطابق لاہور کے علاقے گارڈن ٹاؤن میں دکان میں رکھے گیس سلنڈر وقفے وقفے سے پھٹ گئے، سلنڈر پھٹنے کے بعد دکان میں آگ بھڑک اٹھی۔

آگ سے اٹھنے والے آگ کے شعلے اور دھواں بھی دور دور تک دکھائی دیتا رہے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے کے لیے پہنچ گئیں جنہوں نے آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق سلنڈر دھماکوں سے دکان کی چھت اڑ گئی، دھماکوں کے بعد آگ لگنے سے پارکنگ میں کھڑی 10 کے قریب گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔

سلنڈر دھماکوں سے دکان سے ملحقہ عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، جبکہ آگ نے سلنڈروں کی 4 دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔

کمشنر لاہور ڈویژن محمد عثمان کے مطابق آگ تقریباً کنٹرول ہو چکی ہے جس کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے، اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ جانی نقصان نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات پر انکوائری ہوتی ہے اور ذمے داروں کے خلاف کارروائی ہوتی ہے۔

کمشنر لاہور نے بتایا کہ انسپیکشن کے دوران انہیں بند کیا گیا تھا لیکن احتجاج کے بعد انہیں کھولنا پڑا۔

محمد عثمان نے یہ بھی کہا کہ رکشہ یونین کا خیال تھا کہ انہیں ان کی ضرورت ہے، جبکہ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ غیر قانونی تجاوزات ہیں۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر قانونی گیس سلنڈروں کی دکانیں شہر بھر میں پھیلی ہوئی ہیں، یہ بارود کے ڈھیر ہیں جن کے کسی بھی وقت پھٹ جانے کا خطرہ ہر وقت اُن پر تلوار بن کر لٹکتا رہتا ہے۔

تازہ ترین