بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 11 دسمبر 1922ء کو پاکستان (اُس وقت کے برٹش انڈیا) کے شہر پشاور کے محلے خداداد میں پیدا ہوئے تھے۔
دلیپ کمار اپنے والدین کے 12 بچوں میں سے چوتھے نمبر پر تھے، دلیپ کمار کے والدین نے ان کا نام یوسف خان رکھا تھا جسے انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھنے کے بعد تبدیل کر کے اپنا نام ’دلیپ کمار‘ رکھ لیا تھا۔
اپریل 1953ء میں دلیپ کمار نے برطانوی نشریاتی ادارے کو اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں فلمی سفر کی ابتداء کے بارے میں بتایا کہ وہ ایک پھل فروش کے گھر پیدا ہوئے اور بمبئی آرمی کینٹین میں مینیجر کی حیثیت سے اپنے کیریئر کا آغاز کر چکے تھے لیکن قسمت نے ان کے لیے کچھ اور ہی طے کر رکھا تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ مشہور فلم اسٹوڈیو بمبئی ٹاکیز کی مالکن اداکارہ دیویکا رانی نےانہیں اداکار بننے پر غور کرنے کو کہا تھا جس پر انہیں کافی حیرت ہوئی تھی کیونکہ انہوں نے اپنی زندگی میں صرف ایک فلم دیکھی تھی اور وہ بھی جنگ پر بننے والی دستاویزی فلم تھی۔
ان کی ہچکچاہٹ کے باوجود اُنہیں پیسوں کی اشد ضرورت ہونے کی وجہ سے اُنہوں نے اس پیشکش کو قبول کرلیا تھا۔
دلیپ کمار کا تعارف ہندوستانی اداکار دیویکا رانی سے ان کے سابقہ استاد نے کرایا تھا، یوں بمبئی ٹاکیز نے ناصرف ان کی تقدیر بدلی بلکہ ان کا نام بھی بدل ڈالا اور وہ یوسف خان سے دلیپ کمار بن گئے۔
اداکار دیویکا رانی نےدلیپ کمار کو ان کی مسلم شناخت کو چھپانے اور ایک نیا ہندو نام لینے کا مشورہ دیا کیونکہ رانی کا خیال تھا کہ ہندو نام تقسیمِ ہند کے بعد بھارت میں دلیپ کمار کو فلمی کیریئر میں کامیابی حاصل کرنے میں مدد دے گا۔
دلیپ کمار نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1944ء میں فلم ’جوار بھاٹا‘سے کیا مگر فلم انڈسٹری میں اپنی اصل پہچان 1960ء میں تاریخی فلم ’مغلِ اعظم‘ میں شہزادہ سلیم کا کردار ادا کر کے بنائی۔
دلیپ کمار نے اپنے فلمی کیرئیر کے دوران مغل اعظم، ملن، جگنو، شہید، ندیا کے پار، انداز جوگن، بابل، آرزو، ترانہ، ہلچل، دیدار، سنگدل، داغ، آن، شکست، فٹ پاتھ، امر،اڑن کٹھولا، انسانیت، دیوداس، نیا دور، پیغام، کوہ نور، گنگا جمنا، شکتی، سمیت کئی لازوال فلموں میں عمدہ اداکاری کے جوہر دکھائے۔
ان کی خدمات کے پیشِ نظر حکومت ہندوستان کی طرف سے انہیں پدما بھوشن ایوارڈ، دادا صاحب پھالکے سمیت کئی اعزازات دیئے گئے جبکہ 1998ء کو انہیں پاکستان کے سب سے بڑے سویلین اعزاز نشان پاکستان سے بھی نوازا گیا۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں آج صبح انتقال کر گئے ہیں۔
دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے جاری کی گئی تھی۔