• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقتصادی رابطہ کمیٹی، یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹے کا تھیلا 150، گھی 90، چینی 17 روپے کلو مہنگی کرنے کی منظوری

آٹے کا تھیلا 150، گھی 90، چینی 17 روپے کلو مہنگی کرنے کی منظوری


اسلام آباد(نمائندہ جنگ، اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوٹیلٹی اسٹورز پر تین اہم اشیاء گھی ، چینی اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دیدی، چینی کی قیمت 68روپے فی کلوگرام سے بڑھا کر 85روپے فی کلوگرام، گھی کی قیمت 170روپے فی کلو گرام سے بڑھا کر 260روپے فی کلوگرام اور آٹے کے 20کلوگرام تھیلے کی قیمت 800روپے سے بڑھا کر 950روپے کر نے کی منظوری دی گئی۔

اس طرح یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا کا 20کلوگرام کا تھیلا150 روپے، گھی فی کلوگرام90 روپے اور چینی 17روپے فی کلو گرام مہنگی کر دی گئی، ای سی سی نے ٹریڈ نگ کارپوریشن آف پاکستان کو کپاس کی 2لاکھ گانٹھوں کی خریداری کی منظوری دی ، ای سی سی نے دو لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی بھی منظوری دی۔

کینیا سے اشیاء کی درآمد کیلئے دستاویزات کی تصدیق کی فیس ختم کرنے کی بھی منظوری دی گئی، ای سی سی نےکامیاب پاکستان پروگرام کی منظوری دیدی پاور سیکٹر کے اداروں کے واجبات اور وصولیوں کی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری بھی دی اس سےگردشی قرضے میں 116ارب روپے کمی ہو گی۔

ای سی سی نے آزاد جموں وکشمیر میں نیکسٹ جنریشن موبائل سروسزکی نیلامی کیلئے ڈرافٹ پالیسی ڈائر یکٹو کی منظوری دی، پورٹ قاسم اتھارٹی کی اپ گریڈ یشن کیلئے 8کروڑ66لاکھ روپے کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کی منظوری دی گئی۔ 

ای سی سی اجلاس وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت جمعہ کو ہوا، سیکرٹر ی صنعت وپیداوار نےوزیراعظم کے ریلیف پیکچ 2020 کے ذریعے یوٹیلٹی اسٹورز پر پانچ اہم اشیائے ضروریہ پر سبسڈی مین 15جولائی 2021 سے 30ستمبر 2021تک توسیع کی سمری پیش کی۔ 

ای سی سی نے انٹرپرائز ریسوریس پلاننگ سسٹم کے پوری طرح فعال ہونے تک ریلیف پیکچ میں توسیع کی منظوری دیدی اور تین ضروری اشیاء گھی ، چینی اور آٹے کی مارکیٹ اور یوٹیلٹی سٹورز کی قیمتوں میں فرق کو کم کرنےکیلئے ان تین اشیاء کی قیمتوں میں نظر ثانی کرتے ہوئے اضافے کی منظوری بھی دی۔ 

ای سی سی نے وزارت تجارت کی تجویز پر کینیا سے اشیاء کی درآمد کیلئے دستاویزات کی تصدیق کی فیس ختم کرنے کی بھی منظوری دی۔ ای سی سی نے پاور سیکٹر کے اداروں کے واجبات اور وصولیوں کی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری بھی دی۔

ای سی سی نے کامیاب پاکستان پروگرام کی بھی منظوری دی، کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت کامیاب کاروبار اور کامیاب کسان اسکیموں کے تحت کاروبار کیلئے کسانوں کیلئے سستے قرضے دیئے جائینگے، اس پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر کیلئے نیاپاکستان ہائوسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت سستے قرضے دیئے جائینگے،جبکہ کامیاب ہنرمند اسکیم کے تحت تعلیمی اور فنی تربیت کا پروگرام بھی شروع کیا جائیگا۔

کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت احساس سروے (این ایس ای آر)میں رجسٹر ڈ 40لاکھ افراد کوسستے قرضے دیئے جائیں گے ، کامیاب کاروبار سکیم کے تحت مائیکرو فنانس فراہم کرنیوالوں کےذریعے پانچ لاکھ روپے، د ولاکھ روپے اور ڈیڑھ لاکھ روپے کے قرضے بلاسود دیئے جائیں گےا ور مارک اپ صفر فیصد ہوگی۔

نیاپاکستان کم لاگت گھروں کی اسکیم کےتحت نیاپاکستان ہائوسنگ ڈدویلپمنٹ اتھارٹی کےذریعے 27لاکھ روپے ا ور اس اتھارٹی کے علاوہ 20لاکھ روپے کے قرضے سبسڈائزاڈ ریٹ پر دیئے جائینگے، کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت زرعی شعبے کیلئے فی فصل ڈیڑھ لاکھ روپے قرضہ دیا جائیگا اور تین سال کیلئے مجموعی طورپر ایک ارب 60کروڑ روپے کےقرضے دیئے جائینگے ، اس سے 30لاکھ خاندان مستفید ہونگے۔

ای سی سی نے کامیاب پاکستان پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے غربت کم کرنے میں مدد ملے گی، قرضوں کی طے شدہ طریقہ کار کے تحت فراہمی کیلئے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورتی عمل جاری رہیگا،ای سی سی نے پورٹ قاسم اتھارٹی کی اپ گریڈیشن کیلئے 8کروڑ 66لاکھ روپے کا انجینئرنگ کنسلٹنسی سروس کنٹریکٹ کی منظوری دی۔

ای سی سی نے پورٹ قاسم اتھارٹی ، کراچی پورٹ ٹرسٹ اور گوادر پورٹ اتھارٹی بورڈ ز کو اپنے میرین اثاثہ جات پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کےذیلی اداروں پاکستان میرین اینڈ شپنگ سروسز کمپنی پرائیویٹ لمٹیڈ کو منتقل کرنے کی بھی اجازت دی۔

وزارت میری ٹائم افیئرز وقتاً فوقتاً پاکستان میرین اینڈ شپنگ سروسز کمپنی کی جانب سے سرکاری شعبے کی پورٹس اینڈ ہاربر سے زیادہ سے زیادہ وصول کیے جانیوالے ریٹس کا تعین نوٹیفکیشن کے ذریعے جاری کریگی۔

تازہ ترین