• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیمل اور حمزہ کا بیٹا ایک سال کا ہوگیا

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ اور حمزہ علی عباسی کی اہلیہ نیمل خاور عباسی نے اپنے بیٹے مصطفیٰ کے لیے سوشل میڈیا پر محبت بھرا پیغام جاری کردیا۔

نیمل خاور نے اپنے بیٹے مصطفیٰ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام کا رُخ کیا جہاں اُنہوں نے بیٹے کی زندگی کے حسین لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کیے۔


سابقہ اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مصطفیٰ کی پہلی سالگرہ کے کیک کی مختصر ویڈیو کلپ بھی شیئر کی۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’آج ہماری زندگی کی روشنی،  میرا خوبصورت بیٹا مصطفیٰ ایک سال کا ہوگیا ہے۔‘

نیمل خاور نے بیٹے کے لیے دُعا کرتے ہوئے لکھا کہ ’اللّہ تعالیٰ آپ کو صراطِ مستقیم پر چلائے اور آپ کو اور بہت سی نعمتوں سے نوازے۔‘

سابقہ اداکارہ نے صارفین سے اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ ’براہِ کرم! مصطفیٰ کی صحت اور تندرستی کے لیے دعا کریں۔‘

نیمل خاور کی پوسٹ پر شوبز ستاروں سمیت مداحوں کی بڑی تعداد اُن کے بیٹے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی نظر آرہی ہے۔

واضح رہے کہ حمزہ اور نیمل 25 اگست 2019 کو اسلام آباد میں منعقد کی گئی ایک سادہ سی تقریب میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور عباسی کے ہاں گزشتہ برس 30 جولائی کو بیٹے کی پیدائش ہوئی۔

تازہ ترین