مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کے مبینہ مالیاتی اسیکنڈل کیس میں عبوری ضمانت میں 16 اگست تک توسیع کردی گئی ہے۔
لاہور کی سیشن عدالت میں منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز عبوری ضمانت میں توسیع کے سلسلے میں پیش ہوئے۔
مبینہ مالیاتی اسیکنڈل میں ضمانت کے لیے شہباز شریف ایڈیشنل سیشن جج کے روبرو پیش ہوئے، ایڈیشنل سیشن جج حامدحسین بطورڈیوٹی جج بینکنگ جرائم کورٹ کیس کی سماعت کی۔
صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف نے روسٹرم پر آ کر کہا کہ آج قومی اسمبلی کا اجلاس ہے، مجھے وہاں جانا ہے جس پر ایڈیشنل سیشن جج نے کہا کہ آپ درخواست دے دیں دیکھ لیں گے، بعد ازاں شہباز شریف جج سے اجازت لے کر کرسی پر بیٹھ گئے۔
حمزہ شہباز بھی عدالت میں پیش ہوئے، لاہور کی سیشن عدالت نے مبینہ مالیاتی اسیکنڈل میں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 16 اگست تک توسیع کر دی۔
مبینہ مالیاتی اسیکنڈل میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران وکیل امجد پرویز نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس ہے جس میں لیڈر آف اپوزیشن کو شریک ہونا ہے، قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست تک چلنا ہے۔
وکیل امجد پرویز نے عدالت سے استدعا کی کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد کی کوئی تاریخ دے دیں۔