پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے بیک ڈور رابطوں میں پیش رفت ہوئی ہے۔
پیپلز پارٹی کے رابطہ کار کا کہنا ہے کہ ان ہاؤس تبدیلی کے لیے حکومتی اتحادی بھی تیار ہیں۔
پی پی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت اور اتحادیوں کے 25 سے زائد ارکان قومی اسمبلی ساتھ دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 31 ارکان اسمبلی ساتھ دیں گے۔
ن لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی رابطہ کاروں نے پیپلز پارٹی کی پیشکش پر وقت مانگ لیا۔
مسلم لیگ ن کے رابطہ کار نے پیپلز پارٹی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ قیادت سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے۔
دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا سربراہی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف،محمود خان اچکزئی، شاہد خاقان عباسی، ساجد میر، میر کبیر شاہی، اکرم خان درانی، افتاب احمد خان شیرپاؤ اور اویس نورانی نے شرکت کی۔
مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کورونا میں مبتلا ہونے کے باعث اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔