ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ) میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں محرم الحرام اور 14 اگست کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات کا حتمی جائزہ لیا گیا۔
ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل افتخار حسن چوہدری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سول انتظامیہ، پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صوبے بھر میں عاشورہ محرم کے جلوسوں اور جشن آزادی کی تقر یبات کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رینجرز اور پولیس کی جانب سے یکم محرم الحرام سے جاری مشترکہ فلیگ مارچ اور اسنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ تمام مکاتب فکر کے اجتماعات، مجالس، جلوسوں اور داخلی اور خارجی راستوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جاسکے۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے دیے گئے احکامات کی روشنی میں مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے گا اور اس کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے اپیل کی گئی کہ وہ محرم الحرام کے دوران صوبے بھر میں امن و امان قائم کرنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھرپور تعاون کریں۔
اس کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ کسی بھی شرپسند عناصر، مشکوک سرگرمی اور ناخوشگوار واقعہ کی فوری اطلاع تعینات رینجرز اہلکار، رینجرز ہیلپ لائن اور رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔