• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویرات کوہلی کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے، وہ بطور بیٹسمین ٹیم میں موجود رہیں گے۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد اس فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہوجائیں گے۔ 

دوسری جانب کوہلی نے تصدیق کی ہے کہ وہ اپنی قومی ٹیم کی ون ڈے اور ٹیسٹ میں کپتانی کرتے رہیں گے۔ 

ویرات کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہیڈکوچ روی شاستری اور ساتھی کھلاڑی روہیت شرما کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا۔ 

 انہوں نے کام کا اضافی بوجھ کم کرنے کو ٹی ٹوئنٹی میں کپتانی سے دستبردار ہونے کی وجہ قرار دیا۔ 

دوسری جانب ویرات کوہلی کے بعد روہیت شرما کو ٹی ٹوئنٹی میں کپتانی کا مضبوط امیدوار قرار دیا جارہا ہے۔ 

خیال رہے کہ ویرات کوہلی نے 45 بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھارت کی کپتانی کی ہے، جس میں سے انہوں نے 29 میچز جتوائے اور 14 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 

سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی میں ساتھ دینے پر بطور کپتان اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا۔ 

ویرات کا کہنا تھا کہ وہ مسلسل 8 سے 9 سالوں کے دوران ہر طرز کی کرکٹ کھیلتے آرہے ہیں اور پچھلے 5 سے 6 سالوں سے وہ مسلسل کپتانی بھی کررہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ مجھے خود کو ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کی کپتانی کے لیے مکمل طور پر تیار کرنا چاہیے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس دوران ٹی ٹوئنٹی کپتان کے طور پر اپنی ٹیم کے لیے بہت کچھ کیا، اور اب وہ ٹیم کے ساتھ بطور بیٹسمین رہیں گے۔ 

ویرات نے کہا کہ مجھے یہ فیصلہ لینے میں کافی وقت لگا، اس کے لیے میں نے روی شاستری اور روہیت شرما سے بھی بات کی اور انہیں اعتماد میں لیا تھا۔ 

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات و عمان میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم اپنا پہلا میچ پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔ 

تازہ ترین