• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

او پی ڈی آنیوالے مریض خوار، نجی کلینکس کا رخ کرنے پر مجبور

اسلام آباد (ناصر چشتی/خصوصی نمائندہ) الائیڈ ہسپتالوں میں غریب مریض پروفیسر حضرات کو چیک کرانے کیلئے دربدر پھرنے پر مجبور ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق انکے جونیئرز ڈاکٹر مریضوں کو مبینہ طور پر ان پروفیسرز کو پرائیویٹ کلینک پر دکھانے کیلئے قائل کرتے نظر آتے ہیں۔ ہر شعبہ کے سربراہ اور پروفیسر او پی ڈی میں صرف ایک دن دیکھتے ہیں اور اس روز بھی وہ تین چار مریض دیکھ کر لمبی قطار مریضوں کو سینئر رجسٹرار کے حوالے کر کے چلے جاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ کے دور میں پروفیسر حضرات کو او پی ڈی میں مریضوں کو چیک کرنے کا پابند کیا گیا تھا مگر یہ بااثر ہیں اور ایسا شیڈول تیار کروا لیتے ہیں کہ انکے حصے میں صرف ایک دن ہی مریضوں کو چیک کرنا ہوتا ہے۔ اس صورتحال میں تحریک انصاف حکومت کے غریب آدمی کو صحت سہولیات فراہمی کے دعوے دھرے کے دھرے نظر آتے ہیں۔ مریضوں کو مجبور کیا جاتا ہے کہ اگر پروفیسر کو دکھانا ہے تو نجی کلینک چلے جائو۔ یونیورسٹی حکام نے رابطہ پر بتایا کہ پروفیسر حضرات کا شیڈول ایسے تیار ہوتا ہے کہ ایک دن ہی وہ چیک کر سکتا ہے۔ ادھر سب سے زیادہ مریض آرتھو پیڈک سرجری اور میڈیکل کے متاثر ہو رہے ہیں۔ مریضوں نے وزیر صحت سے مطالبہ کیا کہ پروفیسر حضرات کو کم از کم 3دن او پی ڈی میں دیکھنے کا پابند بنایاجائے۔
تازہ ترین