• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی سیریز منسوخی معمہ بن گئی

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان کا دورہ کرنے والی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے سیریز کی اچانک منسوخی معمہ بن گئی۔ مہمان ٹیم کے حکام نے دورہ شروع ہونے سے قبل اور بعد میں سب اچھا ہے کی رپورٹ دی، کیوی ٹیم نے چار روز تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس بھی کی اور سکیورٹی کے حوالے سے کوئی خدشہ یا کسی قسم کی بات سامنے نہیں آئی، کئی سوالات اٹھ گئے، شائقین کا کہنا ہے کہ کیا سکیورٹی تھریٹ کرکٹ سیریز منسوخ کرنے کا محض ایک بہانہ تھا، میچ ڈھائی بجے شروع ہونا تھا، تاہم آخری لمحات میں گراونڈ جانے سے انکار کیا، ٹاس سے کچھ دیر قبل ہی میچ اور سیریز منسوخی کا اعلان کردیا گیا۔ شائقین اور سابق کرکٹرز نے اچانک سے سیریز ختم ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ 18 برس بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان واپس آئی تھی اور انہیں ایک دلچسپ مقابلے کی امید تھی تاہم ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا گیا۔ ابراہیم نامی ایک صارف نے ٹوئٹر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سیکورٹی کے حوالے سے محفوظ ترین ملک ہے، افغانستان سےغیر ملکی افواج نے انخلا کیلئے بھی پاکستان کا انتخاب کیا۔ جویریہ خان نامی ایک اور صارف نے لکھا کہ نیوزی لینڈ کا فیصلہ نہ صرف نان پروفیشنل بلکہ غیر اخلاقی بھی ہے۔ نیوزی لینڈ کے فیصلے نے پاکستانی شائقین کو مایوس کیا ہے۔ عتیق نامی ایک صارف نے یاد دلاتے ہوئے لکھا کہ نیوزی لینڈ میں بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کرائسٹ چرچ حملے میں محفوظ رہی تھی۔

تازہ ترین