• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلمان خان کے طویل ترین تعلقات کس کے ساتھ ہیں؟

بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس 15 کے ایک خصوصی ایونٹ میں شو کے ساتھ اپنی وابستگی کے بارے میں بات کی اور دعویٰ کیا کہ یہ واحد رشتہ ہے جو اُن کا کسی کے ساتھ طویل عرصے تک قائم رہا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے کہا کہ ان کا سب سے طویل رشتہ رئیلیٹی شو بگ باس کے ساتھ رہا ہے، 2010ء میں بگ باس 4 کے ساتھ پہلی بار منسلک ہونے کے بعد، وہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک شو کے میزبان رہے ہیں۔

بگ باس 15 کا پریمیئر 2 اکتوبر کو ہوگا اور جمعرات کی شام ایک خصوصی میڈیا ایونٹ میں سلمان خان نے ایک خاص پیغام شیئر کیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ ’بگ باس کے ساتھ میرا رشتہ، میرا واحد رشتہ ہے جو ایک طویل عرصے تک قائم رہا۔‘

سلمان خان نے اپنے سابقہ تعلقات پر بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ’بگ باس میری زندگی میں کچھ مستقل مزاجی لایا ہے اور جب ہم الگ ہوتے ہیں (سیزن کے اختتام کے بعد) ہم دوبارہ ملنے کے لیے بے چین ہوتے ہیں۔‘

اس سال شو کے ’جنگل‘ تھیم کے بارے میں بات کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا ’اس سیزن نے مجھے گانا ’جنگل ہے آدھی رات ہے‘ یاد دلایا ہے جبکہ شو میں دنگل ہوگا لیکن وہ سلطان والا دنگل نہیں ہوگا بلکہ یہ ایک مختلف دنگل ہوگا۔‘

سلمان خان نے کہا کہ ’250 کیمرے جنگل کی ہر حرکت کو دیکھ رہے ہوں گے جبکہ بگ باس 15 اس بار پانچ ماہ سے طویل ہو سکتا ہے۔‘

بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ ’مجھے بگ باس پسند ہے، مجھے اس شو سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے، یہ میرا صبر آزماتا ہے اور اس شو کی وجہ سے مجھے زیادہ سے زیادہ صبر کرنے کی ہمت ملتی ہے۔‘

اُنہوں نے سامعین سے مخاطب ہوتے کہا کہ ’آپ بگ باس سے ناصرف بہت کچھ سیکھیں گے بلکہ بہت سے نئے لوگوں سے ملیں گے، ان کی شخصیت کو جانیں گے۔‘

واضح رہے کہ چُل بُل پانڈے سلمان خان بگ باس کے گزشتہ 11 سیزن سے اس شو کی میزبانی کررہے ہیں۔

اس کے علاوہ سلمان خان بھارت کے وہ واحد اداکار ہیں جو کسی بھی رئیلیٹی شو کی میزبانی کرنے کے لیے سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 15 کا آغاز رواں سال اکتوبر میں کیا جائے گا۔

تازہ ترین