• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی ڈاکٹر کا امریکا میں بڑا کارنامہ

پاکستانی نژاد امریکی شہری ڈاکٹر عمر عتیق بلامقابلہ امریکن کالج آف فزیشنز کے صدر منتخب ہوں گے۔

پاکستانی نژاد امریکی فیزیشن ڈاکٹر عمر عتیق نے امریکن کالج آف فِزیشنز (اے سی پی) کے اگلے صدر کے لیے نامزد ہونے کا منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا۔

وہ یہ اعزاز اپنے نام کرنے والے پہلے پاکستانی جبکہ دوسرے غیر ملکی میڈیکل گریجویٹ ہیں۔

ڈاکٹر عمر عتیق آرکنساس کینسر انسٹی ٹیوٹ کے بانی ڈائریکٹر ہیں اور امریکن کالج آف فزیشنز کے رکن ہیں۔

انہوں نے اپنی میڈیکل کی ڈگری خیبر میڈیکل کالج ، پشاور یونیورسٹی ، پاکستان سے حاصل کی۔ بعدازاں  شکاگو کی لوئولا یونیورسٹی کے ایڈورڈ ہائنز جونیئر ویٹرنز ایڈمنسٹریشن اسپتال اور فوسٹر جی میک گاؤ اسپتال میں ہاؤس جاب کی۔

ڈاکٹر عمر عتیق نے نیویارک کے میموریل سلوان کینسر سینٹر میں میڈیکل آنکولوجی اور ہیماٹولوجی کی فیلوشپ ٹریننگ کی۔

امریکا میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر عمر عتیق پاکستانی نژاد پہلے ڈاکٹر اور امریکی کالج آف فزیشنز کے صدر منتخب ہونے والے دوسرے بین الاقوامی میڈیکل گریجویٹ ہوں گے۔

ڈاکٹر عتیق کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستانی سفیر نے اسے  پاکستانی امریکی کمیونٹی کے لیے ایک قابل فخر اور تاریخی لمحہ قرار دیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم اس شاندار پیشہ ورانہ کامیابی کو تسلیم کرتے ہیں اور اس کی تعریف کرتے ہیں۔

اس سے قبل ڈاکٹر عمر عتیق اس وقت خبروں کی زینت بنے تھے جب انہوں نے گزشتہ برس کرسمس کے موقع پر 200 کینسر کے مریضوں کے 6لاکھ 50ہزار ڈالر کے بل معاف کر کے انہیں کرسمس کا تحفہ دیا تھا۔

تازہ ترین