اسلام آباد(حنیف خالد)نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر پہلے طیارے کی لینڈنگ اور ٹیک آف کئے جانے کی ٹسٹنگ کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اس مقصد کے لئے امریکا کا جدید ترین بوئنگ 777 نیواسلام آباد ایرپورٹ پر لینڈ کرے گا اور ٹیک آف کرے گا ٹسٹ لینڈنگ اور ٹسٹ ٹیک آف کے لئے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس کے لئے اگرچہ حتمی تاریخ کا تعین ماہ رواں کے آخر میں ہوگا مگر ذمہ دار حلقوں نے جنگ کو اپنا نام شائع نہ کرنے کی استدعا کے بعد بتایا کہ انشاءاللہ31 مارچ 2018 سے پہلے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر پی آئی اے کے بوئنگ 777 کی ٹسٹ لینڈنگ اور ٹسٹ ٹیک آف کرایا جائے گا اس کے نتیجے میں ایئر ٹریفک کنٹرول بھی ٹسٹ ہوگا ہوائی اڈے کے کمیونیکیشن سسٹم پائلٹ کے ساتھ ایئر ٹریفک کنٹرول کی بات چیت کا نظام بھی ٹسٹ ہوجائے گا رن ویز کی پختگی اور انٹرنیشنل سٹینڈرڈ ہونے کی بھی ٹسٹنگ ہوجائے گی طیارے کے پارکنگ نظام کی بھی آزمائش کرلی جائے گی ایرپورٹ کے اندر دوسرے متعلقہ محکموں کی فائنل ٹسٹ اینڈ ٹرائل کئے جائینگے اس پہلی لینڈنگ اور پہلے ٹیک آف سے پہلے اسلام آباد راولپنڈی کو نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے ملانے والی چھ رویہ سگنل فری ایکسپریس وے اور میٹرو ٹریک بھی مکمل کر لیا جائے گا پی آئی اے کے بوئنگ777جدید ترین طیارے کی لینڈنگ رن وے پر کرائی جائے گی اور اس کا ٹیک آف دوسرے رن وے سے ہوگا نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر دنیا کا جدید ترین سات سو مسافروں سے بھرے فرانسیسی ساختہ اے۔380 کی لینڈنگ اور محفوظ ٹیک آف ہوسکیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ ن کی حکومت مکمل ہونے سے کم و بیش 9 ہفتے قبل نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کو ملکی وغیر ملکی پروازوں کو کھولنے کی تقریب کے مہمان خصوصی ہونگے۔ اس ایئرپورٹ کے آپریشنز آڈٹ سورس کرنے کا مرحلہ اپریل میں مکمل کر لیا جائے گا اسی کے ساتھ کراچی لاہور پشاور کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کا انتظام و انصرام عالمی معیار کی ایسی انٹرنیشنل کمپنی کے سپرد کر دیا جائے گا جو دنیا میں بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے آپریشنز سنبھالے ہوئے ہے۔