فیصل آباد میں پی ایف یوجے کا ملٹی اسٹیک ہولڈرز کنونشن

October 19, 2021

فیصل آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے ʼپی ایم ڈی اے کو میڈیا مارشل لاء قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ پی ایف یو جے کے عہدیداروں، وکلاء اور سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ بار میں منعقدہ ملٹی اسٹیک ہولڈرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ورکرز کے حقوق کیلئے لانگ مارچ سمیت احتجاج کے تمام آپشن استعمال کئے جائیں گے اور ​پی ایف یو جے اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار نے کہا کہ میڈیا پر پابندیوں جیسے کالے قوانین کیخلاف صحافی اور سول سوسائٹی میدان عمل میں آچکےہیں۔ ہم کالے قوانین کی روک تھام تک میدان میں رہیں گے۔ سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے ناصر زیدی نے کہا کہ میڈیا مارشل لاء صرف صحافیوں اور میڈیا کے اداروں کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ پوری سوسائٹی کو یرغمال بنانے اور عوام کی آواز کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے۔ سابق صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے کہا کہ پی ایف یو جے اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کر چکی ہے۔ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ہم کوئٹہ سے اسلام آباد لانگ مارچ بھی کریں گے اور پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا بھی دینگے۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کے سٹی صدر رانا نعیم دستگیر، ڈسٹرکٹ بار کے صدر چودھری محمد اختر ورک، سابق ایم پی اے نورالنساء ملک، سابق ڈپٹی مئیر سکینہ چودھری ،سیکرٹری نیشنل پریس کلب اسلام آباد انور رضا، سابق صدر راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس علی رضا علوی،لیبر قومی موومنٹ کے چیئرمین بابا محمد لطیف انصاری ،پاکستان روڈ ٹرانسپورٹ ورکرز فیڈریشن کے چیئرمین میاں شہباز احمد،پی ایف یو جے کے سینئر اسسٹنٹ سیکرٹری حامد یٰسین ، فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر ندیم جاوید اور جنرل سیکرٹری چودھری آصف غفار و دیگر نے بھی خطاب کیا۔