مسجد الحرام میں پہلا جمعہ بغیر سماجی فاصلے کے ادا

October 22, 2021


سعودی عرب میں کورونا وائرس کے ضوابط میں نرمی کے بعد آج مسجد الحرام میں پہلا جمعہ بغیر سماجی فاصلے کے ادا کیا گیا، تاہم اس موقع پر نمازیوں کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا۔

کورونا وائرس کے ضوابط میں نرمی کے بعد لوگ بڑی تعداد میں نمازِجمعہ کی ادائیگی کے لیے حرم شریف پہنچے۔

اس موقع پر سربراہ حرمین شریفین شیخ عبدالرحمٰن السدیس کی جانب سے انتظامیہ کو سہولتوں کی فراہمی کی خصوصی ہدایت کی گئی تھی۔

حرمین انتظامیہ کے مطابق مسجد الحرام کے مزید 50 دروازے آج کھولے گئے، مسجد الحرام کے اندرونی صحن و ملحق راہداریوں کی ہمہ وقت سینیٹائزنگ بھی کی گئی۔

حرمین انتظامیہ نے بتایا کہ مسجد الحرام کے مختلف مقامات پر 500 سے زائد خود کار سینیٹائزر بوتلیں لگائی گئیں، جبکہ لوگوں کو ماسک کا استعمال لازمی کرنے کی ہدایت کی گئی۔

حرمین انتظامیہ نے بتایا کہ مسجد الحرام میں مختلف مقامات پر 50 ہزار سے زائد آبِ زم زم کی بوتلوں کا خصوصی انتظام کیا گیا، 1 لاکھ لیٹر آبِ زم زم کولروں اور کین میں رکھا گیا۔

حرمین انتظامیہ نے مزید بتایا ہے کہ جسمانی درجۂ حرارت چیک کرنے والے تھرمل کیمرے بھی حرم شریف میں مختلف مقامات پر نصب کیئے گئے۔

حرمین انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ حرم شریف میں معمر اور معذور افراد کے لیے 5 ہزار الیکٹریکل اور سادہ وہیل چیئرز کا بندوبست بھی کیا گیا۔