کچہری چوک ری ماڈلنگ منصوبے کا پی سی ون منظور

November 28, 2021

راولپنڈی (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے) پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی ) نے راولپنڈی کچہری چوک ری ماڈلنگ منصوبے کا پی سی ون منظوری کے بعد مزید چیکنگ کیلئے محکمہ ہائی وے کے برج ڈائریکٹوریٹ کو بھجوا دیا ، وہاں سے پی سی ون کلیئر ہونے پرمنصوبے کی ایڈمن منظوری دی جائیگی۔ آرڈی اے ذرائع کے مطابق نیسپاک کو منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی وغیرہ کیلئے 80لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی ہے ، کچہری چوک میں ٹریفک کی روانی کیلئےکچہری چوک ری ماڈلنگ منصوبے پر 3ارب 84کروڑ روپے لاگت آئیگی ، چوک پر انڈر پاسز اور ملحقہ سڑکوں کی کشادگی کیلئے پولیس لائن اور ضلعی دفاتر جبکہ کچہری چوک سے ملحقہ چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے پارک (پریذیڈنسی پارک مال روڈ )سے بھی تقریباً 36مرلے زمین اس منصوبے میں آئیگی جس کیلئے چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کی انتظامیہ نے اس کا معاوضہ مانگ لیا ہے جو 20کروڑ روپے سے زیادہ ہے کیونکہ یہاں پرزمین کا ڈی سی ریٹ 52لاکھ 68ہزار 220روپے فی مرلہ ہے تاہم آرڈی اے کے حکام کا کہنا تھاکہ سرکاری اراضی کا معاوضہ نہیں دیا جاتا،منصوبے کے پی سی ون میں بھی ایسے ہی لکھا گیا ہے۔ ادھر آرڈی اے کے بعض حکام کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ پی اینڈ ڈی نے کوئی پی سی ون منظوری کے بعد ہائی وے کو مزید چیکنگ کیلئے بھجوایا ہے اگر وہاں سے کوئی خامی نکلتی ہے تو پھر اس کو دور کرنا پڑے گا ۔