تعلیمی اداروں میں بے حیائی اور فحاشی پر مبنی سرگرمیاں قبول نہیں‘ جے یو آئی

November 29, 2021

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے)جے یو آئی رہنمائوں نے پیر مہر علی شاہ یونیورسٹی میں ڈانس پارٹی اور میوزیکل شو کرانے پر وی سی کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔ جمعیت علماء اسلام راول ٹائون کے امیر مفتی مسرت اقبال، مولانا محمود حسن، مولانا راشد یوسف، حافظ بشارت عثمانی، فیضان راجہ، قاری عبداللہ چیچی، بابا یوسف جمعہ اور دیگر نے کہا کہ اسلام اور کلمہ کے نام پر قائم ہونے والے اسلامی ملک میں تعلیمی اداروں میں بے حیائی اور فحاشی پر مبنی سرگرمیاں کسی صورت قبول نہیں کی جائیں گی۔ قوم اپنے بچوں کو علم سے روشناس کرنے کیلئے تعلیمی اداروں میں بھیجتی ہے لیکن وہاں کے سرکردہ لوگ بچوں کے ذہنوں کو اسلامی تعلیمات کے برعکس غیر اسلامی کلچر اور سرگرمیوں میں ملوث کر رہے ہیں۔ جے یو آئی قائدین نے کہا کہ پیر مہر علی شاہؒ کے نام سے موسوم یونیورسٹی میں ایسی سرگرمیوں نے مذہبی حلقوں کے جذبات مجروح کئے ہیں جہاں یونیورسٹی کے ذمہ داران کی موجودگی میں بچوں سے ڈانس کروایا گیا۔ جے یو آئی رہنمائوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فحاشی پر مشتمل ڈانس پارٹی کروانے اور اس میں خود نازیبا حرکات کرنے پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر قوم سے معافی مانگتے ہوئے استعفیٰ دیں۔ یونیورسٹی قوم کی نمود کیلئے قائم کی گئی ہے اور اسی کی ان کو تنخواہ دی جاتی ہے ناکہ غیر اخلاقی پروگرام کروانے کی۔