خواجہ سرا مظلوم طبقہ‘ فلاح کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے‘ محمد ارشد

December 02, 2021

اکوئٹہ(خ ن) ڈائریکٹر جنرل وفاقی وزارت انسانی حقوق محمد ارشد نے کہا ہے کہ خواجہ سراؤں کو وراثتی حق، روزگار اور تعلیم سمیت دیگر حقوق کی فراہمی کیلئے تمام اداروں کے ساتھ ملکر کام کررہے ہیں۔ خواجہ سرا معاشرے کا مظلوم طبقہ جسکی فلاح کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ خواجہ سراؤں کیلئے حفاظتی مراکز قائم کئے جارہے ہیں، ٹرانسجنڈر ایکٹ 2018 سے متعلق پولیس افسران کو آگاہی فراہم کرنے کا مقصد خواجہ سراؤں کے لئے گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں پولیس افسران کی ٹرانسجنڈر پرسنز ایکٹ 2018 پر تربیتی ورکشاپ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزارت انسانی حقوق، حقوق پاکستان اور یورپی یونین کے زیر اہتمام پولیس افسران کیلئے ٹرانسجنڈر پرسنز ایکٹ 2018 سے متعلق تربیتی ورکشاپ منعقد ہوئی، ورکشاپ میں ڈائریکٹر جنرل وفاقی وزارت انسانی حقوق محمد ارشد، ریجنل ڈائریکٹر دانیال سرور خان، ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان شبیر، ٹرانسجنڈر ایکسپرٹ ریم شریف اور پولیس افسران نے شرکت کی۔ ورکشاپ کے دوران ٹرانسجنڈر ایکسپرٹ برائے وفاقی وزارت انسانی حقوق ریم شریف نے شرکاء کو ٹرانسجنڈر پرسنز ایکٹ کے حوالے سے آگاہی دی۔ اس موقع پر وفاقی وزارت انسانی حقوق کے ڈائریکٹر جنرل ایچ آر محمد ارشد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسجنڈر ایکٹ 2018 کے حوالے سے پولیس افسران کو آگاہی فراہم کرنے سے انکے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ نادرا ٹرانسجنڈر پرسنز کی رجسٹریشن کررہی ہے تاہم اب تک 2 ہزار خواجہ سراؤں کو رجسٹرڈ کیا گیا تاہم مختلف اداروں کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواجہ سراؤں کی کل تعداد 50 ہزار کے لگ بھگ ہے۔ ورکشاپ کے دوران ڈی جی وفاقی وزارت انسانی حقوق اور ٹرانسجنڈر ایکسپرٹ ریم شریف نے پولیس افسران کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔