پلاسٹک پولیتھین بیگز کے استعمال اور گرانفروشی پر53 دکاندار گرفتار

December 09, 2021

پشاور ( وقائع نگار )ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے مختلف علاقوں میں بازاروں کا معائنہ کرتے ہوئے پلاسٹک پولیتھین بیگز کی موجود گی اور گرانفروشی پر 53 دکانداروں کو گرفتار کر تے ہوئے 230 کلو پلاسٹک پولیتھین بیگز کو سرکاری تحویل میں لے لیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد اظہر خان نے یونیورسٹی روڈ پر بازاروں کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کاشف جان نے صدر کے بازاروں میں دکانوں کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عادل وسیم نے اندرون شہر بازاروں کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر انور اکبر خان نے دوران پور بازار کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اعزاز احمد نے رنگ روڈ پر بازاروں کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر طارق حسین نے جی ٹی روڈ پر بازاروں کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عظمیٰ مکرم نے باچا خان چوک اور پجگی روڈ پر دکانوں کا معائنہ کیا جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر تحریم شاہ نے حیات آباد کی مارکیٹوں میں دکانوں کا معائنہ کیا۔ کارروائیوں کے دوران گرانفروشی، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی، کم وزن روٹی، تجاوزات، کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور پلاسٹک پولی تھین بیگز کی موجودگی پر پشاور بھر سے مجموعی طور پر 53 دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیاجبکہ 230 کلو پلاسٹک پولی تھین بیگز کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔ان گرفتار دکانداروں میں سبزی و پھل فروش، نانبائی، قصاب، شیر فروش، جنرل سٹور مالکان، تجاوزات مافیا اور دیگر شامل ہیں۔ ان گرفتار دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔