سال 2021، 34 پولیس مقابلے،38 زخمی، گاڑی چوری کے 4765 ملزمان گرفتار، گاڑیاں و دیگر اشیاء برآمد

January 02, 2022

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حیدرآباد پولیس نے 2021ءکے دوران34پولیس مقابلوں میں 38زخمی ملزمان اور دیگر کارروائیوں میں 71ڈاکوؤں‘ 9بھتہ خوروں سمیت رہزنی‘ دچوری‘ وہیکل لفٹنگ اور دیگر جرائم میں ملوث 4765ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ‘ منشیات‘بھاری مقدار میں شراب‘ 141گاڑیاں و دیگر اشیاءبرامد کرلی ہیں۔ حیدرآباد پولیس کے ترجمان کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ پولیس کی2021ءکی سالانہ کارکردگی کے حوالے سے جاری کردہ سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2021ءمیں34پولیس مقابلوں کے دوران ڈکیتی‘ رہزنی‘ چوری کی وارداتوں میں ملوث 38ملزمان کو زخمی حالت میں‘ دیگر کارروائیوں میں 71ڈاکوؤں کا خاتمہ کرکے وارداتوں میں ملوث 116بڑے گروہوں کا خاتمہ کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کارروائیوں کے دوران بھتہ خوری کے الزامات میں9ملزمان کو‘ موبائل فون چھیننے کے الزامات میں 22ملزمان کو‘ گاڑیوں کی چوری و چھیننے کی وارداتوں میں ملوث 206ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چوریوں‘ نقب زنی اور دیگر جرائم میں ملوث3357ملزمان کو گرفتار کرنے کے علاوہ مختلف مقدمات میں اشتہاری قرار دیئے گئے188ملزمان جبکہ مقدمات میں مفرور 586 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور دیگر الزامات میں 316 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کیخلاف 317مقدمات درج کئے گئے ہیں‘ گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف‘ 9شارٹ گن‘ 3رپیٹر‘ 258پستول اور 48ریوالور اور بھاری مقدار میں کارتوس برآمد کئے گئے ہیں۔ حیدرآباد پولیس نے 302منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کیخلاف 270مقدمات درج کرکے انکے قبضے سے 525گرام ہیروئن‘ 457کلو گرام سے زائد چرس‘ 1400کلو بھنگ اور7کلو 566گرام آئس‘ شراب فروخت کرنے کے الزام میں 452ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 2359لیٹر کچی شراب‘ 633انگلش شراب کی بوتلیں اور1934نب برآمد کئے ہیں۔ ایک سال کے دوران 141گاڑیاں بھی برآمد کی گئی ہیں جن میں سے4وہیلر31گاڑیاںاور110موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔ کارروائیوں میں بھاری مقدار میں انڈین گٹکا‘ مین پوری برآمد کی گئی ہے جبکہ 645جواریوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 10لاکھ روپے سے زائد نقدی برآمد کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دفعہ 550کے تحت ایک سال میں48فور وہیلر اور 190 موٹر سائیکلیں تحویل میں لی گئی ہیں۔