سکھر(بیورو رپورٹ)گنجان آباد علاقوں میں آوارہ، پاگل کتوں کی بہتات، 2افراد کو کاٹ کر زخمی کردیا، علاقہ مکینوں میں خوف کی لہر دوڑ گئی، بچوں کو اکیلے گھروں سے باہر نکلنے سے روک دیا۔ میونسپل کارپوریشن اور ٹاؤن کمیٹیز انتظامیہ کی عدم توجہی کے سبب شہر کے مختلف رہائشی علاقوں و شاہراہوں پر آوارہ، پاگل کتوں کی بہتات ہوگئی ہے، غول در غول پھرنے والے کتے لوگوں کو کاٹ کر زخمی کر رہے ہیں۔ اس حوالہ سے سندھ ہائیکورٹ نے بھی واضح احکامات دے رکھے ہیں مگر اس کے باوجود متعلقہ محکموں کے افسران غفلت برت رہے ہیں اور پاگل کتوں کو مارنے کیلئے کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ گزشتہ روز نیو پنڈ میں پاگل کتوں نے عمران اور آصف نامی افرد کو کاٹ کر زخمی کردیا، جنہیں فوری طور پر سول اسپتال سکھر لے جایا گیا مگر وہاں سگ گزیدگی سے بچاؤ کی ویکسین دستیاب نہیں تھی، متاثرہ افراد کو نجی اسپتال لے جا کر ویکسین لگوائی گئی۔ شہری و عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر بلدیات ودیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ آوارہ و پاگل کتوں کے خاتمہ کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں، افسران کو ذمہ داریوں کی ادائیگی کا پابند بنایا جائے۔ واضح رہے کہ ماضی میں آوارہ و پاگل کتوں کو مارنے کیلئے مہم چلائی جاتی تھی تاہم طویل عرصے سے شہر میں ایسی کوئی مہم نہیں چلائی گئی، جس کے باعث پاگل کتوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔