دبئی ایکسپو میں عمران خان کیلئے ایک بڑے اعزاز کا اعلان

January 08, 2022

عمران خان کو دبئی ایکسپو میں ایوارڈ سے نوازا جائے گا

دبئی ایکسپو 2020 میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کو ’انٹرنیشنل اسپورٹس پرسنالٹی ایوارڈ‘ سے نوازا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی ایکسپو کی رنگینیاں اپنے عروج پر ہیں، اور اسی دوران دبئی کے ولی عہد محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے انٹرنیشنل اسپورٹس پرسنالٹی ایوارڈ کےحوالے سے اعلان کیا گیا ہے۔

محمد بن راشد المکتوم تخلیقی اسپورٹس ایوارڈز کے 11 ویں ایڈیشن کا انعقاد اتوار کو ایکسپو 2020 دبئی کے مرکز میں ایک شاندار تقریب میں ہوگا۔

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو پاکستان کو کرکٹ کی دنیا کے صف اول کے ممالک میں تبدیل کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انٹرنیشنل اسپورٹس پرسنالٹی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

عمران خان پاکستانی ٹیم کے کپتان تھے جو 1992 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر فاتح بنی تھی۔

ایک متاثر کن اسپورٹس آئیکون عمران خان اب بطور وزیر اعظم نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، بالعموم کرکٹ کی حیثیت کو بڑھا رہے ہیں اور کھیلوں کے ذریعے پاکستانی معاشرے کو بااختیار بنا رہے ہیں۔

2019 میں وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے 639 ملین ڈالر کے ایک اہم اقدام کا آغاز کیا، جس کے تحت نوجوانوں اور خواتین کو اسکالرشپ اور ہنر کی ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی چار ہزار سے زائد یونین اور ویلج کونسلوں میں سے ہر ایک میں کرکٹ گراؤنڈ بنانے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے عمران خان نے 21 سال کے شاندار کرکٹ کیریئر میں پاکستان کے لیے 88 ٹیسٹ اور 175 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے، انہوں نے 362 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیسٹ میں 3 ہزار 807 رنز بنائے جبکہ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 182 اور 3 ہزار 709 رنز بنائے۔