نجی یونیورسٹی اور اسپتال پر 100 سے زائد مسلح افراد کا حملہ

January 16, 2022

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ہٹڑی تھانے کی حدود میں نجی یونیورسٹی اور اسپتال پر سو سے زائد مسلح افرادکا حملہ‘ شدید فائرنگ‘ اسپتال اور یونیورسٹی میں توڑپھوڑ‘اسپتال میں داخل مریضوں اور ورثا ‘ ڈاکٹروں ‘پیرامیڈیکل اسٹاف میں بھگڈر مچ گئی‘ فوری اطلاع پرپولیس اوررینجرزنے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا‘ حملہ آور پولیس کی آمد پر فرارہوگئے ‘وائس چانسلر اسریٰ یونیورسٹی نے قاضی برادری کے افراد پر حملے اورتوڑ پھوڑ کاالزام عائد کیاہے ‘ فائرنگ سے یونیورسٹی کا ایک سیکورٹی گارڈ ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ہٹڑی تھانے کی حدود میں ہفتہ کی سہ پہر 4بجے سو سے زائد مسلح افراد زبردستی گارڈوں کو تشددکانشانہ بناکر اندر داخل ہوئے اور اندھادھند فائرنگ اور توڑپھوڑ شروع کردی جس پر اسپتال میں زیرعلاج 6سو سے زائد مریضوں ان کے لواحقین‘ اسپتال کے ڈاکٹروں اورعملے میں افراتفری اور بھگڈر مچ گئی ۔یونیورسٹی کے وی سی ڈاکٹر نذیراشرف لغاری کے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی حیدرآباد سے رابطوں اور فوری مدد کی اپیل پرپولیس اوررینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس کے نتیجے میں مسلح افراد فرار ہوگئے۔