قیمتوں میں پھر اضافہ، پٹرول 147.83، ڈیزل 144.62 روپے فی لیٹر ہوگیا

January 16, 2022


اسلام آباد (نمائندہ جنگ،این این آئی) وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیاہے ، پٹرول تین روپے ایک پیسہ ، ہائی ا سپیڈڈیزل تین روپے ، مٹی کا تیل تین روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں تین روپے 33پیسے اضافہ کیا گیا ہے ۔ ہفتہ کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے ایک پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت 147 روپے 83 پیسے فی لیٹر ہوگئی ۔وزارت خزانہ نے بتایا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 3 روپے اضافے کے بعد 144 روپے 62 پیسے مقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے اضافے کے بعد 116 روپے 48 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے ۔لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 3 روپے 33 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 114 روپے 54 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق رات 12 بجے سے آئندہ اگلے 15 روز کیلئے ہوگا۔ یاد رہے کہ 15 روز قبل بھی حکومت کی طرف سے نئے سال پر مہنگائی کا تحفہ دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات 4 روپے 15 پیسے تک مہنگی کردی گئی تھی۔