سردی میں کمی، کراچی میں مچھروں کی بہتات، ڈینگی، ملیریا پھیلنے لگا، اسپرے نہ ہوسکا

January 17, 2022

کراچی (اعظم علی /نمائندہ خصوصی) کراچی میں سردی کی شدت میں کمی آتے ہی مچھروں کی بہتات، کورونا کی نئی قسم اومیکرون کیساتھ ساتھ ڈینگی،ٹائیفائیڈ اور ملیریا سمیت وائرل بخار کے مرض میں بھی شدت سے اضافہ ، کے ایم سی کی جانب سے اسپرے نہ ہوسکا، شہر بھر کے نجی اسپتالوں اور کلینکس میں بخار کے مریضوں کی لائن لگ گئی ، اس حوالے سے ماہر امراض اطفال ڈاکٹر مشتاق میمن نے بتایا کہ شہریوں کو چاہئے کہ وہ مچھر وں سےبچانے والے لوشن اور دیگر حفاظتی اقدامات اختیار کرے ، گھروں اور محلوں میں صفائی وستھرائی کا خیال رکھیں، مکمل آستین والے کپڑے پہنیں، گھروں میں پانی کے برتنوں کو ڈھک کر رکھیں ، کسی بھی مقام پر پانی جمع نہ ہونے دیں ۔ ذرائع کے مطابق شہر میں دو ہفتے قبل ہونے والی موسم سرما کی بارشوں کے بعد مچھروں کی بریڈنگ کیلئے فی الوقت ماحول سازگار ہوگیا تھا تاہم محکمہ بلدیات اور کے ایم سی کی جانب سے شہر میں کہیں بھی اسپرے مہم نہیں چلائی گئی ، ذرائع کے مطابق صورتحال خطرناک ہوگئی ہے ، ڈینگی ، ٹائیفائیڈ اور ملیریا سمیت وائرل بخار کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ، شہری پہلے ہی کورونا کے مرض میں تیزی سے مبتلا ہورہے ہیں اور اس کیساتھ ساتھ دیگر بخار کے باعث انہیں مزید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال کو فوری طور پر کنٹرول نہ کیا گیا اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات نہ اٹھائے گئے تو معاملات مزید بگڑ سکتے ہیں ۔