شیشہ پوائنٹس ومنشیات کے اڈوں کیخلاف کارروائی کی جائے،جمعیت نظریاتی

January 18, 2022

کوئٹہ( این این آئی)جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالستارچشتی نے کہا ہے کہ شراب کے لائسنس منسوخ شیشہ ودیگرمنشیات کے اڈوں و پوائنٹس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے ،مختلف مقامات پر شیشہ پوائنٹس اورمنشیات کے اڈے کھلنے سے نوجوانوں کی زندگیاں تباہ ہورہی ہیں، اور یہ تیزی سے تعلیمی اداروں تک پہنچ چکی ہیں ، شیشہ کلبوں میں نوجوان نسل شیشہ کے استعمال کے ساتھ،رات گئے تک ان کلبوں میں آئس اور دیگر منشیات کی لت میں بھی مبتلا ہونے لگی ہے۔شیشہ کلبوں میں 15سے25 سال کے نوجوان جن میں زیادہ تعلیم یافتہ نوجوان شیشہ پینے کے لئے آتے ہیں اسی وجہ سے جرائم بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریسٹورنٹ، چائے خانوں اور کافی شاپس پر بھی شیشہ کا استعمال فیشن بن گیا ہے۔ جہاں نوجوانوں کو نشہ آور اشیاء فراہم کی جاتی ہیں، وطن و قوم کے دشمن منشیات فروشوں نے نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت میں مبتلاء کرکے ہزاروں گھروں کو اجڑ دیا ہے، ہر سال تقریباً 10 فیصد تک منشیات کے عادی افراد کا معاشرہ میں اضافہ ہو رہا ہے، منشیات کی وجہ سے معاشرے میں کئی قسم کے جرائم جنم لیتے ہیں ،منشیات کی لعنت ہمارے معاشرے کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکی ہے نہ صرف منشیات بلکہ اپنے ساتھ خاندانوں کی زندگی کو بھی برباد کردی جاتی ہے ۔