بڑی آنکھوں والا ’کیوٹ‘ کیکڑا دریافت

January 18, 2022


سائنس دانوں کی جانب سے ایک ایسا کیکڑا دریافت کیا گیا ہے جس کی آنکھیں بہت زیادہ بڑی ہیں، بڑی آنکھیں ہونے کے سبب ’کیوٹ‘ دریافت قرار دیئے جانے والا یہ کیکڑا بہت دور تک دیکھ سکتا ہے اور با آسانی سے شکار بھی کرسکتا ہے۔

حوروں کی مثل بڑی بڑی آنکھیں رکھنے والے اس کیکڑے کی باقیات (فوسلز) چند سال قبل امریکی ریاست کولمبیا اور وایومنگ میں الگ الگ مقامات سے دریافت ہوئے تھے، اِن پرانے ٹکڑوں کی جسامت صرف ایک انچ کے لگ بھگ تھی۔

کیکڑے کے اِن ٹکڑوں پر کی گئی تحقیق میں سامنے آنے والی نئی معلومات کے مطابق یہ ’کیوٹ‘ کیکڑا تقریباً ساڑھے 9 کروڑ سال قدیم ہے جبکہ اِن کیکڑوں کو سائنسی نام (Callichimaera perplexa) ’کالیچیمائرا پرپلیکسا‘ دیا گیا ہے۔

ماہرین پہلے دن سے ہی ان کیکڑوں کی باقیات کے سروں پر موجود آنکھوں جیسے ابھاروں سے حیران تھے، مزید تحقیق سے معلوم ہوا کہ یہ ابھار واقعی میں ان کیکڑوں کی مکمل آنکھیں ہیں، دریافت ہونے والے ان کیکڑوں کی ہر آنکھ درجنوں اور سیکڑوں چھوٹی چھوٹی مزید آنکھوں سے مل کر بنی ہوئی تھی۔

علاوہ ازیں یہ آنکھیں کسی حفاظتی سانچے میں بند نہیں تھیں بلکہ کیکڑے کے جسم سے گویا باہر لٹکی ہوئی تھیں۔

جب ان کا موازنہ قدیم اور جدید کیکڑوں کی آنکھوں سے کیا گیا تو انکشاف ہوا کہ جسامت کے لحاظ سے ان معدوم کیکڑوں کی آنکھیں اپنی جسامت کا 16 فیصد حصہ تھیں جبکہ دوسری اقسام کے کیکڑوں میں پوری جسامت کا صرف 1 سے 3 فیصد حصہ ہی اِن کی آنکھوں پر مشتمل ہوتا ہے۔

اس کیکڑے کے دوسرے جسمانی خدوخال میں مڑے ہوئے پنجے، منہ کے حصے جو کہ ٹانگوں سے مشابہ ہیں، کھلی ہوئی دُم اور لمبا جسم شامل ہے۔