ذوالفقار علی بھٹو کو تختہ دار پر چڑھانے والےپی ڈی ایم میں موجود ہیں،سعید مغل ایم بی ای

January 19, 2022

برمنگھم (پ ر) سابق مشیر آزاد کشمیر حکومت محمد سعید مغل ایم بی ای نے کہا ہے کہ پاکستان کے سابق حکمراں اور موجودہ حزب اختلاف اقتدار اور اپنے مفاد کیلئے واویلا کررہی ہے، ان کے پاس کوئی ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے کوئی پروگرام نہیں ہے، موجودہ حکمراں بھی جھوٹے نعرے لگا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر انصاف قائم کرنا ہے تو سب سے پہلے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کے کیس میں انصاف دیا جائے، جنہوں نے عام آدمی کو زبان دی ،انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں اکثریت ان لوگوں کی ہے جنہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کو تختہ دار پر چڑھایا جس کا خمیازہ آج تک قوم بھگت رہی ہے۔ موجودہ پی ڈی ایم اتحاد صرف مفادات کی خاطر بنا ہے، یہ ملک کے دوست نہیں ہیں۔ ان سب نے ملک میں افراتفری مچارکھی ہے، اگر یہ دوبارہ اقتدار میں آئے تو ملک کو تباہ کردیں گے،یہ عوام کے مسترد شدہ لوگ ہیں، ان کے پاس ملکی تعمیر و ترقی کا کوئی پروگرام نہیں، یہ صرف پاکستان کے وسائل بیرون ملک منتقل کرسکتے ہیں جیسا ان سب نے ماضی میں کیا۔