پاکستان نژاد اسپینش عنایہ کوثر مشتاق اولڈھم سے لاپتہ

January 19, 2022

مانچسٹر(غلام مصطفی مغل) پاکستان نژاد اسپینش عنایہ کوثر مشتاق اولڈھم سے 4 جنوری 2022 سے لا پتہ ہے، 6 سالہ پاکستان نژاد عنایہ کوثر کے لاپتہ ہونے پر ان کے نانا اظہار ،قاری ظفر اقبال نے روزنامہ جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عنایہ کوثر کو اس کاوالداپنے ہمراہ شاپنگ کرانے کے بہانے ساتھ لے کرگیاتھا، یسرا کوثر اور ان کے سابق شوہر شہزاد احمد مشتاق کی چندسال پہلے علیحدگی ہو گئی تھی، بچی کےگھر واپس نہ آنے پر گریٹرمانچسٹر پولیس میں اغوا کی رپورٹ لکھا دی گئی ہے، بچی عنایہ کا پاسپورٹ اور کاغذات ان کی والدہ یسرا کوثر کے پاس ہیں، شہزاد احمد مشتاق کا تعلق ساہیوال سے ہے، بچی کی والدہ یسرا کوثر اسپینش نیشنل ہے، اسپینش قونصلیٹ اور پاکستانی قونصلیٹ جنرل مانچسٹر بچی کی والدہ سے رابطہ میں ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان نژاد اسپینش یسرا کوثر نے شہزاد مشتاق سے بارسلونا میں والدین کی رضامندی سے 2015 میں شادی کی تھی۔ یسرا کوثر کی کچھ عرصہ پہلے ہی بارسلونا میں طلاق ہو چکی ہے۔ یسرا کوثر نے طلاق کے کچھ عرصہ بعد ہی دوسرے شخص سے شادی کر لی تھی، دوسرے شوہر سے اس کاایک بچہ ہے، یسرا کوثر اپنی بیٹی عنایہ کوثر مشتاق اور دوسرے شوہر کے بیٹے کے ہمراہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے اولڈہم مانچسٹر میں مستقل رہائش پذیر ہے۔ شہزاد مشتاق کی بہن یسرا کوثر سے شادی سے پہلے اولڈہم میں رہائش پذیر تھی۔ شہزاد مشتاق اپنی بہن اور بھائی کو ملنے اولڈہم آتا رہتا تھا، شہزاد مشتاق کو جب اطلاع ملی کے یسرا کوثر میری بچی کو لے کر مانچسٹر شفٹ ہو رہی ہیں تو بچی کو ملنے مانچسٹر پہنچ گیا۔ قانون کے مطابق شہزاد مشتاق کو اپنی بیٹی کے ساتھ ملنے کی اجازت تھی، شہزادمشتاق شروع میں 15 روز بعد اپنی بیٹی کو ملنے بارسلونا اسپین سے ملنے آتا رہتا تھا، یسرا کوثر کے مطابق شہزاد مشتاق پچھلے دو سال سے عنایہ کوثر مشتاق کو ملنے بہت کم آتا تھا، 4 جنوری کو شہزاد مشتاق عنایہ کوثر مشتاق کو یہ کہہ کر لے گیا کہ ایک گھنٹے میں آجاؤں گا، ایک گھنٹہ گزر جانے کے بعد شہزاد مشتاق نے یسرا کوثر کوپیغام بھیجا کہ عنایہ کو کل واپس چھوڑوں گا جس پر یسرا کوثر نے کہا کہ ابھی چھوڑ کر جائیں۔ 5 جنوری کو شہزاد مشتاق نے یسرا کوثر کو پیغام بھیجا کہ ہم نے انگلینڈ چھوڑ دیا ہے اور اب ہم استنبول ترکی میں ہیں، میں عنایہ کو لے کر پاکستان جا رہا ہوں جس پر یسرا کوثر نے انگلش، اردو اور اسپینش زبانوں میں عنایہ کے اغوا کی خبر کو ہائی لائٹ کیا اور شہزادمشتاق کے خلاف ایف آئی آر کٹوائی، تاحال بچی اور شہزاد مشتاق کا کچھ پتہ نہیں کہ کہاں ہیں۔ یہ کیس انٹرپول کے حوالے کر دیا گیا ہے۔